انسدادِ ڈینگی اقدامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

جمعرات 31 جولائی 2025 13:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے ہدایت کی ہے کہ ضلع کی تمام یونین کونسلز میں صفائی کو باقاعدگی سے یقینی بنایا جائے ، انسدادِ ڈینگی اقدامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس ضمن میں کل سے روزانہ رات کے وقت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ کنٹرول کمیٹی کا اجلاس کمیٹی روم میں منعقد کیا جائے گا تاکہ سویپنگ، سرویلنس، فوگنگ اور دیگر انسدادی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کی جا سکے۔

ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر نے اپنے دفتر میں ڈینگی سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بعض علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ علاقوں کے ڈی ڈی ایچ اوز کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ کنٹرول کمیٹی کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سجاد احمد نے ضلع بھر میں جاری انسدادِ ڈینگی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور جہاں کہیں خامیاں یا کوتاہیاں پائی گئیں، ان کے فوری ازالے کے احکامات جاری کیے۔آخر میں، ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی میں غفلت برتنے والے افسران اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے دفاتر کو فوری طور پر سیل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :