Live Updates

اسسٹنٹ کمشنر الائی احتشام جاوید کی بی ایچ یو پاشتو میں کھلی کچہری

جمعرات 31 جولائی 2025 13:40

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر الائی احتشام جاوید نے ہفتہ کو بی ایچ یو پاشتو میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں عوام کے ساتھ محکمہ تعلیم، سی اینڈ ڈبلیو، جنگلات، لائیو سٹاک، زراعت، وائلڈ لائف، فشریز، ریونیو، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔

علاقہ مکینوں نے صحت کی سہولیات کی کمی، بارش کے بعد سڑکوں کی صفائی میں تاخیر، پلوں کی مرمت، سکولز، بازار کی صفائی، واٹر سپلائی سکیموں، موبائل نیٹ ورک مسائل اور پاشتو ہائیڈرو پاور منصوبہ سے متعلق اہم شکایات و تجاویز پیش کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر الائی احتشام جاوید نے موقع پر متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ جن شکایات کا فوری حل ممکن ہے ان پر فوراً عمل درآمد کیا جائے، باقی معاملات کو اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا تاکہ موثر حل ممکن ہو۔

(جاری ہے)

مزید برآں عوام کو آگاہ کیا گیا کہ موجودہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ عوامی شکایات کے فوری ازالہ کو ترجیح دے رہی ہیں، دفتر اسسٹنٹ کمشنر میں اوپن ڈور پالیسی نافذ ہے جہاں ہر فرد بلا روک ٹوک اپنی شکایات درج کرا سکتا ہے، نیز ضلعی کنٹرول روم 7/24 فعال ہے تاکہ کسی بھی مسئلہ کی بروقت نشاندہی اور کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ کھلی کچہری کا اختتام عوامی اعتماد اور تعاون کے اظہار کے ساتھ کیا گیا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات