چوہدری شافع حسین سے صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل کی ملاقات،انڈسٹریلائزیشن کے امور پر بات چیت

بدھ 8 اکتوبر 2025 17:47

چوہدری شافع حسین سے صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل کی ملاقات،انڈسٹریلائزیشن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایوان صنعت و تجارت لاہور کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے ملاقات کی۔صوبائی وزیر کے آفس میں ہونے والی ملاقات میں انڈسٹریلائزیشن کے امور پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں صنعتکاری کے فروغ کیلئے محکمہ صنعت و تجارت و سرمایہ اور لاہور چیمبر کے مابین روابط بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔

ایوان صنعت و تجارت لاہور کے صدر نے صوبائی وزیر کو لاہور چیمبر کے دورے کی دعوت دی جبکہ صوبائی وزیر نے فہیم الرحمن سہگل کو ایوان صنعت و تجارت لاہور کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ جلد لاہور چیمبر کا دورہ کروں گا اور صنعتکاروں سے ملوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کے باعث نئے کارخانے لگ رہے ہیں۔

قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 9 نئے کارخانے لگنے جارہے ہیں جبکہ بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ میں پہلی بار 6 کارخانے لگ رہے ہیں۔رحیم یار خاں ایئر پورٹ کے آپریشنل ہونے سے رحیم یار خان کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں نئی سرمایہ کاری آئے گی۔ چوہدری شافع حسین نے کہاکہ سیالکوٹ میں سرجیکل سٹی اور شیخوپورہ میں فارماسیوٹیکل ویلی بنے گی۔فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں چین کی وی وی موبائل کمپنی اپنا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگا رہی ہیاورجلد پنجاب میں وی وو موبائل بننا شروع ہو جائیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ پنجاب میں سولر پینلز کی مینوفیکچرنگ بھی شروع ہو۔پنجاب حکومت کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کی پلاننگ بھی کر رہی ہے۔ لاہور چیمبر بائیو گیس پلانٹ لگانے کا بھی جائزہ لے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں نئے کارخانے لگنے سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہاکہ ایوان صنعت و تجارت لاہور پاکستان کا بڑا چیمبر ہے جس کے 45 ہزار ممبر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صنعت کاری کے عمل میں تیزی لانے کیلئے محکمہ صنعت و تجارت و سرمایہ کاری اور لاہور چیمبر کے مابین مضبوط روابط کی ضرورت ہے۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور سابق نائب صدر لاہور چیمبر ظفر محمود بھی ملاقات میں موجود تھے۔