خیبر پختونخوا،انٹی گریٹڈ ڈیزیز سرولنس اینڈ رسپانس سسٹم کی ہفتہ وار رپورٹ جاری

جمعرات 31 جولائی 2025 16:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) صوبائی دارالحکومت پشاور میں معدے کے امراض میں اضافہ دیکھا جانے لگاہے، اس سلسلے میں خیبر پختونخوا کے انٹی گریٹڈ ڈیزیز سرولنس اینڈ رسپانس سسٹم نے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، جس میں بتایا گیا ہے کہ 21 سے 27 جولائی تک ان 7 روز میں 50ہزار765 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔اس عرصے پر مشتمل رپورٹ کے اہم نکات اور بیماریوں کی تفصیل کے مطابق گزشتہ ہفتے صوبے بھر سے 50ہزار765 معدے کی بیماریوں اور5ہزار482 کیس سانس کی بیماریوں جبکہ7ہزار530 ویکٹر یعنی مچھروںسے پھیلنے والی بیماریوں اور 938 زونوٹک یعنی جانوروں سے پھیلنے والی بیماریوں کے مشتبہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق 7 روز میں 50ہزار765 کسیز رپورٹ ہونے کی اس رپورٹ میں یہ بحی بتایا گیا ہے کہ زیادہ تر کیسز پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور سوات سے رپورٹ ہوئے ہیں، جہاں معدے اور سانس کی بیماریوں کی شرح نمایاں ہے، کانگو اور ڈینگی جیسی مہلک بیماریوں پر خصوصی نظر رکھی گئی ہے، لیکن اس ہفتے ان میں نمایاں اضافہ نہیں ہوا ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ صوبے کے 5 میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹس کیلئے تربیتی سیشن منعقد کئے گئے، اورصوبے کے 50فیصد سے زائد اضلاع نے ہسپتالوں سے ڈیٹا بروقت جمع کرایا، جبکہ اورکزئی، کرم، اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں رپورٹنگ کی شرح 50فیصد سے کم رہی۔ یاد رہے کہ پشاور میں معدے کے امراض میں اضافہ دیکھا جانے لگاہے۔