غازی میڈیکل کالج ڈیرہ غازی خان میں دو روزہ آرٹ نمائش اختتام پذیر، طلبہ کے 2000 سے زائد فن پارے شرکا کی توجہ کا مرکز

جمعرات 31 جولائی 2025 20:40

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) غازی میڈیکل کالج ڈیرہ غازی خان میں منعقدہ دو روزہ آرٹ نمائش "نئے رنگ 2025" اختتام پذیر ہو گئی۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد تھے، جنہوں نے فن پاروں کا معائنہ کیا اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔نمائش میں پرنسپل غازی میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد بلال سعید، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر شاہد حسین مگسی، معروف فنکار، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پرپنجاب بھر کے مختلف میڈیکل کالجز بشمول نشتر میڈیکل یونیورسٹی، بہاولپور، لاہور، اور رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات کے 2000 سے زائد فن پارے نمائش کا حصہ بنے۔نمائش میں کیلیگرافی، آئل پینٹنگ، پنسل ورک، فوٹوگرافی، سکیچز، ڈریم والز اور دیگر اصناف کے فن پارے شرکاء کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے۔

(جاری ہے)

نمائش کے موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ نے بغیر کسی باقاعدہ تربیت کے جس اعلیٰ فنی معیار کا مظاہرہ کیا ہے، وہ ان کی غیر معمولی تخلیقی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس نوعیت کی نمائشیں نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے اور انہیں اعتماد دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ پرنسپل غازی میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد بلال سعید نے بتایا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا جائے گا تاکہ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا سکے۔تقریب میں معروف آرٹسٹ منور محی الدین نے اپنے فن پارے بطور تحائف ڈپٹی کمشنر، پرنسپل اور دیگر مہمانوں کو پیش کیے۔

متعلقہ عنوان :