نامور گلوکار محمد رفیع کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لے ان کی 45 ویں برسی کے موقع پر لاہور پریس کلب میں تقریب کا انعقاد

جمعرات 31 جولائی 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) نامور گلوکار محمد رفیع کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لے ان کی 45 ویں برسی کے موقع پر جمعرات کے روزلاہور پریس کلب میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پربیرسٹر اعتزاز احسن، سینٹر پرویز رشید ، غزل گائیک غلام علی ، خالد عباس ڈار ،صحافی فہد شہباز خان، ادا کارہ ممتاز بیگم، اداکارہ نشو ، گلو کار خالد بیگ،گلوکار شجاعت علی بوبی اورگلوکار عارف جپہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اس مو قع پر ممتاز قانون دان وسینئر سیاستدان اعتزاز احسن نے کہا کہ لیجنڈری گلوکار محمد رفیع برصغیر کے موسیقی کے آسمان پر ایک ایسا درخشندہ ستارہ تھے جن کی آواز نے دلوں کو چھوا، ثقافت کو نئی روح بخشی اور گائیکی کو نئی جہت عطا کی، ان کی گائیکی صرف سروں کا امتزاج نہیں بلکہ روح کی گہرائیوں سے نکلنے والا احساس تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محمد رفیع کا فن سرحدوں سے ماورا تھا، ان کی آواز ہر نسل، ہر دور اور ہر زبان بولنے والے کے دل میں اترتی ہے، "ہمیں ایسے عظیم فنکاروں کی قدر کرنی چاہیے جو ہماری ثقافتی میراث کا سرمایہ ہیں"،محمد رفیع کی آواز آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ اور ان کا فن آنے والی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا۔

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ محمد رفیع صرف ایک گلوکار نہیں تھے بلکہ وہ ایک عہد تھے، ان کی آواز میں جو مٹھاس، درد اور سچائی تھی، وہ آج بھی سننے والوں کے دلوں کو چھو لیتی ہے۔ پرویز رشید نے مزید کہا کہ محمد رفیع نے اپنی گائیکی کے ذریعے نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں دل جیتے، ان کا فن، ان کی عاجزی اور ان کا تہذیبی رویہ فنکاروں کے لیے ایک مثال ہے،ان کی گائیکی صرف موسیقی نہیں بلکہ ایک روحانی تجربہ ہے، ایسے فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محمد رفیع کی آوازآج بھی لاکھوں دلوں میں زندہ ہے، ان کا فن ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔