کمشنر پشاور ڈویژن کی زیر صدارت قبائلی ضلع مہمند میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور مسائل کے حل کےلیے گرینڈ جرگہ

جمعرات 31 جولائی 2025 21:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت قبائلی ضلع مہمند میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور مسائل کے حل کےلیے جمعرات کو گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، کمشنر پشاور ڈویژن کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق جرگہ میں کمانڈنٹ مہمند رائفلز، ڈپٹی کمشنر مہمند، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، بلدیاتی افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی. جرگہ میں قبائلی ضلع مہمند کے عوام نے غیر ریاستی عناصر سے مکمل لاتعلقی اور امن و امان برقرار رکھنے کےلیے حکومت اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کا اعلان کردیا،کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے قبائلی اضلاع میں جرگہ سسٹم کو مزید مضبوط کرنے، ضلع مہمند میں اسکولوں اور مراکز صحت میں اسٹاف کی کمی ہنگامی بنیادوں پر پورا کرنے، سہولیات کی فراہمی اور اسکولوں سے باہر بچوں کو اسکولوں میں داخل کرنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کڑپہ روڈ کے بقیہ تین کلومیٹر روڈ کی جلد سے جلد تعمیر، لوڈ شیڈنگ میں کمی، ہیروئن اور آئس کی لت میں مبتلا نوجوانوں کو نشے سے پاک پشاور مہم میں شامل کرنے، سرحدی تنازعات کے پائیدار حل، ضلع مہمند کے سرکاری دفاتر میں علاقائی نوجوانوں کو بھرتی کرنے، ضلع مہمند کو معدنیات رائلٹی دینے، شناختی کارڈ کی تصدیق کےلیے قبائلی ملکان کو اختیار دینے، بقیہ خاصہ داروں کو پولیس میں ضم کرنے اور خاصہ داروں کو بقایا جات کی فوری ادائیگی کا اعلان بھی کیا، جرگہ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کے قبائلی ضلع مہمند کے دورے کے دوران غلنئ ہیڈکوارٹر میں میں منعقد ہوا جس میں قبائلی ضلع مہمند کے تمام تحصیلوں کے قبائلی ملکان نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے کمشنر پشاور ڈویژن کو آگاہ کیا جس کے تناظر میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے موقع پر ہی احکامات جاری کیے. قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ عوام اور حکومت کے مابین اعتماد کا رشتہ بحال ہے جو کہ خوش آئند ہے جرگہ سسٹم کو مزید مضبوط کیا جائے گا انضمام میں نقاص کے خاتمے کے لیے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کمیٹی کام کررہی ہے، قبائلی ضلع مہمند میں امن و امان کی بنیادی وجہ عوام کا حکومت اور انتظامیہ پر اعتماد ہے امن کی اہم وجہ قبائلی عوام ہیں عوام اور حکومت کا رشتہ مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ بدامنی کا ہمیشہ کےلیے خاتمہ ممکن ہوسکے. انہوں نے کہا کہ کڑپہ روڈ کے بقیہ تین کلومیٹرحصہ کو جلد تعمیر کیا جائے گا جس کے لیے 20 کروڑ روپے کا فنڈز منظور کیا جاچکا ہے، معدنیات تنازعات کا جلد تصفیہ کے لیے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کئے جا چکے ہیں تاکہ تنازعات کی وجہ سے رکا ہوا روزگار دوبارہ بحال ہو سکے،ان کا کہنا تھا کہ سوا لاکھ بچوں کا اسکولوں سے باہر ہونا باعث تشویش ہے، بقیہ اسکولوں کی جلد تعمیر یقینی بناکر ذیادہ سے ذیادہ بچوں کو اسکولوں میں داخلے دئے جائیں گے، گورسل بارڈر کھولنے کےلیے صوبائی حکومت نے محکمہ داخلہ سے رابطہ کیا ہے، مہمند قوم کو معدنیات کی رائلٹی کےلیے اقدامات کیے جائیں گے، بقیہ خاصہ داروں کے پولیس میں ضم کرنے اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو ہدایات جاری کیے گئے ہیں، سرکاری آسامیوں پر صرف مہمند قوم کے نوجوانوں کو بھرتی کیا جائے گا، شناختی کارڈ کی تصدیق کےلیے ملکان کو بااختیار کیا جائے گا، نشے کے عادی مہمند کے سو افراد کو علاج کے لیے بحالی مراکز منتقل کیا جائے گا۔