آئیسکو کی انسداد بجلی چوری مہم اور ریکوری کے میدان میں نمایاں کامیابیاں، بجلی چوروں کو 47 کروڑ 93 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد ، ریکوری کی مد میں 7ارب 63کروڑسے زائد کی وصولی

جمعرات 31 جولائی 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے بجلی چوری کی روک تھام اور واجبات کی وصولی کے حوالے سے قابل ذکر پیش رفت حاصل کی ہے۔ ادارے کی جانب سے جاری بھرپور انسداد بجلی چوری مہم کے دوران متعدد صارفین کے خلاف موثر قانونی کارروائیاں کی گئیں۔چیف ایگزیکٹو آئیسکو محمد نعیم جان کا کہنا ہے کہ اس مہم میں تمام آپریشنل سرکلز کی ٹیموں نے بھرپور کردار ادا کیا، جدید ٹیکنالوجی، سمارٹ میٹرنگ سسٹمز اور مستعد فیلڈ سٹاف کی مدد سے بجلی چوری کی نشاندہی اور انسداد کو یقینی بنایا گیا جس کی وجہ سے5613سے زائد بجلی چوروں پر 47 کروڑ 93 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے جبکہ پولیس کی جانب سے 4232 ایف آئی آر کا اندراج کر کے 2836 بجلی چوروں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ بجلی چوری پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ آئیسکو ٹیموں کی جانب سے ریکوری کی مد میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد صارفین سے 7 ارب 63 کروڑ روپے کی وصولی کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آئیسکو شفافیت، دیانت داری اور نظام کی جدت کے ذریعے نہ صرف صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے بلکہ قومی وسائل کے تحفظ کو بھی یقینی بنا رہا ہے۔ انہوں نے بجلی چوری کو قومی معیشت کے لئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ آئیسکو چیف نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ بجلی چوری کی اطلاع آئیسکو کی ہیلپ لائن 118 پر یا قریبی سب ڈویژن دفتر میں دیں تاکہ فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔