ڈی ایس ریلوے کی ہدایت پر ڈپٹی ڈی ایس آپریشن فاطمہ بلال کا لاہور تا اوکاڑہ سیکشن کا معائنہ

جمعرات 31 جولائی 2025 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ کی ہدایت پر ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آپریشن فاطمہ بلال نے جمعرات کو لاہور تا اوکاڑہ سیکشن کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈی ایس آپریشن کے ہمراہ سیکشن کے افسران اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے ویژن کے مطابق سیکشن پر بڑے اسٹیشنوں پر لاہور ریلوے اسٹیشن کی طرح فیملی لانج اور سی آئی پی لانج جیسی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔

اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن پر نادرہ اور پاسپورٹ آفس کو کرایہ پر دفاتر دینے کیلئے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی ڈی ایس لاہور نے سیکشن کے معائنے کے دوران سٹیشنز ریکارڈ چیک کرنے سمیت مختلف سٹیشنوں پر مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا بھی بغور جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ٹرین آپریشن سے متعلق اسٹاف سے سوالات کیے گئے اور ٹرین آپریشن کو مزید محفوظ بنانے کے حوالے سے اسٹاف کو ضروری ہدایات بھی دی گئیں۔

سیکشن کے معائنے کے دوران ٹریک الائنمنٹ، لیول کراسنگ گیٹس کے علاوہ ٹرین آپریشن سیفٹی سے متعلق دیگر آپریشنل ڈاکیومنٹس کا بھی باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔ سیکشن پر ریلوے کی زمینوں کو کمرشل استعمال میں لانے اور ادارے کیلئے زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کرنے کے حوالے سے بھی سوچ و بچار کی گئی۔