وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت، اورنگزیب خان کھچی کا راولپنڈی چیمبرکے زیراہتمام دو روزہ ہیلتھ ایکسپو اور سمٹ کا دورہ ، مختلف سٹالز کا معائنہ کیا

جمعرات 31 جولائی 2025 23:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت، اورنگزیب خان کھچی نےراولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیراہتمام پاک چین فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ ہیلتھ ایکسپو اور سمٹ کا دورہ کیا۔وفاقی وزیر نے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور فارماسیوٹیکل اور میڈیکل شعبے سے متعلق مصنوعات کو سراہا۔

انہوں نے آر سی سی آئی کے تجارتی سرگرمیوں اور بالخصوص صحت اور فارما سیکٹر کے فروغ میں اہم کردار کی تعریف کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے آر سی سی آئی کو کامیاب نمائش کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کی کمپنیاں اپنی محنت سے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں اور ان کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت فارما انڈسٹری کو عالمی معیار کے مطابق فروغ دینے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے،آنے والے چند برسوں میں پاکستان کی صنعت عالمی سطح پر قیادت کرے گی اور عوام کو حکومتی منصوبوں سے بھرپور فائدہ ملے گا۔

اس سے پہلے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے بھی خصوصی شرکت کی اور ایکسپو میں لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا۔ ہیلتھ ایکسپو کےشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رانا احسان افضل خان نے مخصوص نمائشوں کو فروغ دینے میں آر سی سی آئی کی کوششوں کو سراہا اور سرکاری اور نجی سٹیک ہولڈرز کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے میں اس کے کردار کو سراہا ۔

معروف ٹینس سٹار ایصام الحق نے بھی ایکسپو کا دورہ کیا۔ دو روزہ ہیلتھ ایکسپو میں حکومتی نمائندوں، غیر ملکی سفیروں اور صنعت سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت نے کہا کہ پاکستان میں دواسازی کی برآمدات کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، کیونکہ ملک جدید ادویات کی تیاری کی صلاحیت، ماہر افرادی قوت اور سستی ادویات کی بڑھتی ہوئی عالمی مانگ رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا، "پاکستان کو اعلیٰ معیار کی جنیرک ادویات کو مسابقتی قیمتوں پر تیار کرنے کے لیے پہچانا جاتا ہے، جو عالمی منڈیوں کے لیے پرکشش ہیں۔صدر شوکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دواؤں کی حفاظت، معیار اور مؤثریت کو یقینی بنانے کے لیے دواسازی کے ریگولیٹری نظام کو بہتر بنایا جائے اور جعلی و غیر معیاری ادویات کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر قابو پایا جائے۔ ایکسپو میں مفت صحت کی مختلف سہولیات اور ٹیسٹ کی سہولیات جن میں ذیابیطس کی اسکریننگ، دانتوں اور آنکھوں کا معائنہ، فٹنس سیشنز (بشمول یوگا)، ذہنی صحت سے متعلق آگاہی پروگرام اور صحت مند وزن کم کرنے کے حوالے سے مختلف آگاہی سیشن بھی منعقد ہوئے۔