بنوں، سی ٹی ڈی کا دہشتگردوں کیخلاف آپریشن،6 دہشتگرد ہلاک،6 سیکورٹی اہلکار زخمی

3 دہشتگرد زخمی حالت میں گرفتار، کارروائی فتنۃ الخوارج کے دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی اس دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر مکمل تباہ کر دیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 1 اگست 2025 11:46

بنوں، سی ٹی ڈی کا دہشتگردوں کیخلاف آپریشن،6 دہشتگرد ہلاک،6 سیکورٹی ..
بنوں (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اگست 2025)بنوں میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے آپریشن میں 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر مکمل تباہ کر دیا گیا پولیس، سیکیورٹی فورسز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے کمانڈوز نے مشترکہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی شروع کی جس کا ہدف میریان تھانے کے علاقے میں دہشت گردوں کو نشانہ بنانا تھا۔

یہ کارروائی علاقے میں فتنۃ الخوارج کے دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ آرپی او بنوں سجاد خان کاکہناہے کہ گزشتہ رات سے جاری آپریشن میں 6 دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں اور 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران 25 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس افسر کے مطابق فضائی حملے کے دوران کواڈ کاپٹر نے تھانے پر دھماکہ خیز مواد گرایا جس سے دھماکہ ہوا اور سیکورٹی فورسز کے 2، سی ٹی ڈی کے 3 اہلکار اور ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔

زخمی اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) بنوں منتقل کردیاگیا۔اہلکار کایہ بھی کہناتھاکہ سکیورٹی آپریشن کے نتیجے میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کے مختلف مقامات پر ناکے اور محاصرے قائم کردیاہے اور دہشت گردوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

پولیس افسر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں نے دہشت گردوں کو علاقے سے بھاگنے پر مجبور کر دیا ہے۔ان کامزید کہناتھاکہ دہشت گردوں کی گرفتاری اور خاتمے کیلئے ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہیں۔ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سجاد خان نے تصدیق کی کہ علاقے کو ہر صورت دہشت گردوں سے پاک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس امن بحال کرنے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کیلئے پرعزم ہے اور دہشت گرد کیخلاف جاری آپریشنز میں بھاری جانی نقصان اٹھا چکے ہیں۔آر پی او خان نے ہسپتال جا کر زخمی اہلکاروں کی عیادت بھی کی اور ان کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی اہلکاروں کو اعلیٰ معیار کا علاج فراہم کیا جائے۔