چین کی فلسطینی اتھارٹی کے حکام پر امریکی پابندیوں کی مذمت

جمعہ 1 اگست 2025 15:48

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) چین نے فلسطینی اتھارٹی (پی اے) کے حکام اور فلسطینی صدر محمود عباس کی جماعت فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کے ارکان پر امریکی پابندیوں کی مذمت کی ہے۔ شنہوا کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے جمعہ کو نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکا کا یہ اقدام مایوس کن اور ناقابل فہم ہے، جس میں بین الاقوامی برادری کی امن کے فروغ کی کوششوں کو بالکل نظر انداز کیا گیا ہے۔

چینی ترجمان نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطیٰ کا اہم ترین معاملہ ہے اور یہ بین الاقوامی شفافیت اور انصاف کا متقاضی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت فلسطین کا مسئلہ ایک نازک تاریخی موڑ پر ہے، بین الاقوامی برادری خصوصاً امریکا کو چاہیے کہ وہ منصفانہ اور ذمہ دارانہ رویہ اپنائے، اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کو مؤثر طریقے سے نافذ کرے اور مسئلہ فلسطین کے مناسب حل کے لیے فعال کوششیں کرے نہ کہ اس کے برعکس اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین فلسطینی عوام کے جائز قومی حقوق کی بحالی کے منصفانہ مقصد کی حمایت کرتا ہے اورفلسطینی اتھارٹی کی طرف سے غزہ اور مغربی کنارے سمیت تمام فلسطینی علاقوں کی انتظام و انصرام کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین دو ریاستی حل کی بنیاد پر مسئلہ فلسطین کے جامع، منصفانہ اور دیرپا تصفیے کی حمایت کرتا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے فلسطینی اتھارٹی کے حکام اور فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے ارکان پر سفری پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ۔