گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آبادمیں سمر کیمپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد

جمعہ 1 اگست 2025 17:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آبادمیں سمر کیمپ کی اختتامی تقریب جناح آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔مذکورہ تین ہفتوں پر محیط ٹریننگ کیمپ میں مصنوعی ذہانت کے تدریسی و انتظامی امور میں استعمال، پیشہ ورانہ تربیت اور ذہنی صلاحیتوں کے نکھار کے ذریعے استعداد کار میں اضافہ پر تربیت دی گئی۔

تقریب کی مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ سعدیہ تیمور تھیں جبکہ ایم پی اے قدسیہ بتول اور ایم پی اے عظمیٰ راجہ نے بطور مہمانان اعزاز شرکت کی۔ سعدیہ تیمور نے اپنے خطاب میں یونیورسٹی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ٹولز کا استعمال پیشہ وارانہ ترقی اور خواتین اساتذہ کو با اختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے خاص طور سے خواتین کی بہبود کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی پالیسیوں کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کی طاقت بنیں۔ایم پی ایز اور اراکین سنڈیکیٹ قدسیہ بتول اور عظمیٰ راجہ نے بطور مہمانان اعزازیونیورسٹی کی فیکلٹی اور اسٹاف کی تربیت کے اقدامات کو سراہا۔کیمپ کی سرپرست اعلیٰ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز)نے تقریب میں شریک مہمانان کا شکریہ ادا کیا اورٹریننگ میں حصہ لینے والے تمام سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کی ترقی میں اساتذہ کے ساتھ ساتھ انتظامی عملے کا بھی برابر ہاتھ ہوتا ہے،ہمیں ذاتی حیثیت میں بھی اپنے کام کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سیکھنے کے عمل کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ مزید برآں انہوں نے اساتذہ و سٹاف کو مستقبل میں مزید تربیتی پروگراموں کا حصہ بننے کی دعوت دی۔ڈاکٹر کنول امین نے تمام تربیتی عملے اور خصوصی طور پر ڈاکٹر فرحت جبین، انچارج سٹاف اینڈ فیکلٹی ڈویلپمنٹ سینٹرکی محنت اور مؤثر تربیتی سیشنز کے انعقاد پر ان کی خدمات کو سراہا۔