کینیڈا سپر 60کیلئے تاریخی اعلان، بی سی پلیس اسٹیڈیم میزبان مقرر

جمعہ 1 اگست 2025 19:42

وینکوور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء) کینیڈا کی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے، کینیڈا سپر60لیگ نے اعلان کیا ہے کہ مردوں اور خواتین کے ابتدائی ٹورنامنٹ کے لیے بی سی پلیس اسٹیڈیم کو باضابطہ مقام کے طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔یہ فیصلہ کرکٹ کے فروغ اور ترقی کے حوالے سے کینیڈا کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

وینکوور کے وسط میں واقع بی سی پلیس اسٹیڈیم اپنی جدید سہولیات، قابلِ حرکت چھت، اور عالمی معیار کے انفراسٹرکچر کے باعث کینیڈا کے نمایاں اسپورٹس وینیوز میں شمار ہوتا ہے۔ یہ وہی اسٹیڈیم ہے جہاں فیفا ورلڈ کپ 2026سمیت کئی عالمی ایونٹس منعقد ہونے جا رہے ہیں۔بھارتی کرکٹ اسٹار اور کینیڈا سپر 60کے اسٹریٹیجک پارٹنر یووراج سنگھ نے کہا کہ بی سی پلیس صرف ایک اسٹیڈیم نہیں بلکہ خوابوں کا میدان ہے۔

(جاری ہے)

خواتین اور مردوں کے کرکٹرز کے لیے اس اسٹیڈیم میں کھیلنا ایک ناقابلِ فراموش تجربہ ہوگا۔ وینکوور ایک ایسا شہر ہے جو قدرت، ثقافت اور تنوع کا امتزاج ہے کرکٹ یہاں ایک نئے جذبے کے ساتھ پروان چڑھے گی۔"کرکٹ کینیڈا کے صدر امجد باجوہ کا کہنا تھا کہ ہمیں بی سی پلیس کو کرکٹ کے لیے متعارف کرانے پر فخر ہے۔ یہ شراکت داری اس عزم کی علامت ہے کہ ہم ملک بھر میں کرکٹ کے فروغ اور مقامی کھلاڑیوں کے لیے عالمی معیار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں خاص طور پر جب ہم آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ 2026ء کی تیاری کر رہے ہیں۔

بی سی پلیس کے جنرل مینیجر کرس مے نے کہا کہ دنیا کے دوسرے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کھیل کو وینکوور میں خوش آمدید کہنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ہم ہمیشہ ایسے ایونٹس کی تلاش میں رہتے ہیں جو ہماری صوبے کی ثقافتی اور کھیلوں کی نمائندگی کریں، اور کینیڈا سپر 60اس سمت ایک زبردست قدم ہے۔کینیڈا سپر 60 دنیا کی پہلی کرکٹ لیگ ہوگی جو اپنے ابتدائی سیزن سے ہی مردوں اور خواتین کے 10اوور فی اننگز مقابلے یکساں طور پر پیش کرے گی۔

اس جدید فارمیٹ کا مقصد کرکٹ کو شمالی امریکہ میں فروغ دینا اور کینیڈین کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانا ہے۔ٹورنامنٹ کی حتمی تاریخوں اور ٹکٹوں کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔ یہ ایونٹ نہ صرف سنسنی خیز میچز فراہم کرے گا بلکہ وینکوور کے لیے ایک تاریخی ثقافتی اور اسپورٹس تجربہ ثابت ہوگا۔