فیصل کریم کنڈی سے چیئر مین نادرا کی ملاقات ، صوبے کے عوام کو شناختی دستاویزات اور شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو

جمعہ 1 اگست 2025 21:49

فیصل کریم کنڈی سے چیئر مین نادرا کی ملاقات ، صوبے کے عوام کو شناختی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد منیر افسر سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی بھی انکے ہمراہ تھے ،ملاقات میں صوبے کے عوام کو شناختی دستاویزات اور شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے نادرا کی خدمات پر تفصیلی گفتگو ہوئی، اس موقع پر گورنر نے خیبرپختونخوا کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں نادرا سہولیات کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہاں خدمات کے دائرہ کار کو فوری طور پر وسعت دی جائے۔

خاص طور پر ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑ پور کے بڑے دیہاتوں میں نادرا دفاتر کے قیام پر گفتگو کی گئی تاکہ مقامی آبادی کو ان کی دہلیز پر سہولیات میسر آ سکیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین نادرا نے گورنر کو یقین دہانی کرائی کہ نادرا جلد ہی ان علاقوں میں موبائل رجسٹریشن وینز کی تعداد میں اضافہ کرے گا، اور مستقل دفاتر کے قیام کے لیے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مشاورت شروع کر دی جائے گی۔

مزید یہ کہ خواتین، بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے علیحدہ سہولتی ڈیسک قائم کیے جائیں گے تاکہ ان کی رجسٹریشن کا عمل سہل بنایا جا سکے۔ملاقات میں شناختی کارڈ، ب فارم، بچوں کی رجسٹریشن، اور فیملی ورثہ کی اپڈیٹس جیسے دیگر اہم امور بھی زیرِ غور آئے۔ گورنر نے نادرا کی جاری ڈیجیٹلائزیشن مہم اور سائبر سیکیورٹی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نادرا کو مزید مؤثر اور شفاف ادارہ بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔