انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا امن و امان کا جائزہ

ہفتہ 2 اگست 2025 17:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ہفتہ کو سنٹرل پولیس آفس میں امن و امان اور پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور ایس پیز کے علاوہ دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی پی نے جرائم پر قابو پانے، ریڈ زون کی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے اور حساس تنصیبات کی حفاظت کے لیے رابطہ کاری کو بہتر بنانے کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کا استعمال کرتے ہوئے گشت اور چوکیوں کو بڑھایا جائے۔

(جاری ہے)

سید علی ناصر رضوی نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا، خاص طور پر اس کے انٹیلی جنس کام، تھریٹ اسیسمنٹ اور دہشت گردی کے خلاف احتیاطی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تھانوں کی کارکردگی، اندرونی انتظامی طریقوں اور عوامی شکایات کے ازالے کے نظام کا جائزہ بھی لیا گیا۔آئی جی سید علی ناصر رضوی نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ تھانوں کو اپ گریڈ کریں، پیشہ ورانہ تربیت کو بہتر بنائیں اور اخلاقی پولیسنگ کو برقرار رکھیں تاکہ سروس ڈیلیوری کو مزید قابل اعتماد بنایا جا سکے۔انہوں نے تمام پولیس خدمات میں شفافیت، ذمہ داری اور رسائی کو یقینی بنا کر عوامی اعتماد کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس صرف قانون نافذ کرنے والا ادارہ نہیں ہے بلکہ عوامی خدمت اور تحفظ کے لئے فرنٹ لائن محافظ بھی ہے۔

آئی جی تمام افسران پر زور دیا کہ ایمانداری، جوابدہی کے تحت اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے وقف رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر ڈویژن اور یونٹ میں شہری سہولیات اور تحفظ پر مبنی پولیسنگ ترجیح ہونی چاہیے۔