ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ''ستھرا پنجاب'' مہم کے سلسلے میں اجلاس

ہفتہ 2 اگست 2025 17:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ''ستھرا پنجاب'' مہم کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ ہفتہ کو منعقدہ اجلاس میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق''ستھرا پنجاب'' مہم کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچانے کے لئے صفائی ستھرائی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صفائی کے معاملات میں غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، تمام کنٹریکٹرز کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی کارکردگی بہتر بنائیں بصورت دیگر ان کے معاہدے منسوخ کر دیئے جائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ مانیٹرنگ کے دوران صفائی میں معمولی سی کوتاہی پر بھی بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے جبکہ غیر ذمہ دار اہلکاروں کو نوکری سے فارغ کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور کچرے کے ڈھیروں کو ایک ہفتے کے اندر اندر مکمل طور پر صاف کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی متعلقہ تحصیلوں کی15 یونین کونسلز کا خود دورہ کریں اور صفائی کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے زمینی اثرات ہر صورت میں نمایاں ہونے چاہئیں۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ہر یونین کونسل کی سطح پر پٹواری، سیکرٹری یونین کونسل،امام مسجد اور نمبردار پر مشتمل ایک فعال کمیٹی تشکیل دی جائے جو مقامی سطح پر صفائی کی نگرانی کرے۔اس کے ساتھ ساتھ رورل ایریاز میں عوامی آگاہی کے لئے پمفلٹس کی تقسیم اور مساجد و دیگر ذرائع سے اعلانات کا اہتمام کیا جائے تاکہ صفائی کے حوالے سے ایک مؤثر اور مربوط پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے،اس پر عمل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ضلعی انتظامیہ ''ستھرا پنجاب '' مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عوام کو صاف،صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔