آر ڈی اے کا بحریہ ٹاؤن فیز VIII اور فیصل ہلز کے خلاف غیر قانونی ترقیاتی سرگرمیوں پر مقدمات درج کرنے کا اقدام

ہفتہ 2 اگست 2025 21:00

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایات پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے راولپنڈی کے مواضعات ڈیرہ، پنڈ گوندل، ڈھوک سیدو اور شاہ ولی شاہ میں واقع دو ہاؤسنگ سکیموں بحریہ ٹاؤن فیز VIII اور فیصل ہلز کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوے دونوں سکیموں کے ڈویلپرز اور اسپانسرز کے خلاف ایف آئی آرز تھانہ روات اور تھانہ وحدت کالونی، ٹیکسلا راولپنڈی میں درج کروا دی گئی ہیں۔

بحریہ ٹاؤن فیز VIII ہاؤسنگ سکیم غیر قانونی ترقیاتی سرگرمیوں، سوشل میڈیا پر غیر قانونی پلاٹوں کی فروخت اور تشہیر، دریا سواں کے کنارے تجاوزات، اور آلودہ و کیمیکل زدہ پانی ندی میں چھوڑنے جیسے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ آر ڈی اے کی تحقیقات کے مطابق، فیصل ہلز ہاؤسنگ سکیم نے اپنی منظور شدہ حدود سے تجاوز کرتے ہوئے غیر قانونی ترقیاتی کام شروع کر رکھا ہے۔

اس کے علاوہ عوام الناس کو گمراہ کن اشتہاری مہم اور غیر مجاز بکنگ کے ذریعے دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ دونوں ہاؤسنگ سکیموں نے آرڈی اے سے ڈویلپمنٹ کی این او سی حاصل نہیں کی، جو کہ پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور پنجاب پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز و لینڈ سب ڈویڑن رولز 2021 کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ آرڈی اے شہری منصوبہ بندی کے قوانین پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔

ہم قانونی و غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور بغیر اجازت تعمیرات کے خلاف سخت اور قانونی کارروائی کر رہے ہیں اور ایسے اقدامات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کریک ڈاؤن وزیر اعلیٰ پنجاب، محترمہ مریم نواز شریف کی واضح ہدایات کے تحت کیا جا رہا ہے، جنہوں نے تجاوزات، غیر قانونی ترقیات اور غیر مجاز تجارتی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنانے کا اعلان کیا ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں اور ہمیشہ آرڈی اے سے قانونی حیثیت کی تصدیق کریں۔ مزید معلومات اور تصدیق کے لیے شہری آر ڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر وزٹ کریں۔