گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد میں یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے 15 روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا

ہفتہ 2 اگست 2025 22:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد میں یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے 15 روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جن کا تھیم بنیان المرصوص اور معرکہ حق رکھا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تقریبات کا جامع منصوبہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد علی آرائیں کی زیرِ صدارت اعلی سطحی اجلاس میں ترتیب دیا گیا، جس میں تمام شعبوں کو طلبہ کی بھرپور اور جذب حب الوطنی سے سرشار شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

تقریبات کا آغاز ایک پروقار افتتاحی تقریب سے ہوا، جس میں وائس چانسلر نے فیتہ کاٹ کر سرگرمیوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کے دوران ملی نغمے بجائے گئے جنہوں نے حاضرین کے جذب حب الوطنی کو مزید اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد علی آرائیں نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ آزادی ہمیں قربانی، اتحاد اور استقلال جیسے بنیادی قومی اقدار کی یاد دلاتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود کو وطن کی خدمت اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لیے تیار کریں۔

انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یاد کو زندہ رکھنا قومی فرض ہے۔تقریب کے بعد وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی مختلف طلبہ سوسائیٹیز سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے طلبہ سوسائٹیز کے کردار کو سراہا اور جشنِ آزادی کی تقریبات میں ان کی فعال شمولیت پر زور دیا۔15 روزہ تقریبات میں مختلف سرگرمیاں شامل ہیں جن کا مقصد طلبہ میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور سماجی شعور کو فروغ دینا ہے۔

ان سرگرمیوں میں آگاہی سیمینارز، مباحثے اور کوئز مقابلے، ثقافتی مظاہرے، ٹیبلو اور موسیقی کی پیشکشیں، کھیلوں کے مقابلے، اور طلبہ کے زیرِ اہتمام کمیونٹی سروس پروگرام شامل ہیں۔اس کے علاوہ پاکستان کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تقاریب اور طلبہ کے تخلیقی و فنی کاموں پر مبنی نمائشیں بھی منعقد کی جائیں گی، تقریبات 14 اگست تک جاری رہیں گی، جن کا مقصد نوجوان نسل میں قومی خدمت، اتحاد اور جذبہ قربانی کو فروغ دینا ہے۔