ٹیکس دہندگان کی شکایات کو ریکارڈ کم ترین وقت میں نمٹا رہے ہیں، سیف الرحمان

اتوار 3 اگست 2025 12:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ ایف ٹی او ڈاکٹر آصف محمود جاہ ٹیکس دہندگان کی شکایات کو 34 دن کے تاریخی کم ترین وقت میں نمٹا رہے ہیں اور ان کی دہلیز پر انصاف کی مفت فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اتوار کو یہاں تاجر برادری کے ساتھ ایک آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سنگ میل ایف ٹی او کی طرف سے با وقار انداز میں، تیز رفتاری اور مکمل غیر جانبداری کے ساتھ انصاف کی فراہمی کی تصدیق کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس دن شکایات موصول ہوں اسی دن ان پر کارروائی کی جاتی ہے اور وقت ضائع کیے بغیر متعلقہ دفاتر سے رپورٹس طلب کی جاتی ہیں۔ ایف بی آر ایک ماہ کے اندر فیصلوں پر عمل درآمد کرنے کا پابند ہے جس میں ناکام ہونے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔ انہوں نے تمام ٹیکس دہندگان پر زور دیا کہ وہ اپنی طرف سے اعلی ترین ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیکسوں کی بروقت ادائیگی کریں اور ریاست کے معاملات کو احسن طریقے سے چلانے اور قومی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔