سانگلہ ہل ،جشن آزادی تقریبات کو حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا،ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب

اتوار 3 اگست 2025 14:20

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیر صدارت جشن آزادی تقریبات کی تیاریوں کے سلسلہ میں خصوصی اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں جشن آزادی تقریبات کے حوالے سے تمام محکموں نے اپنے اپنے پلانز پیش کیے۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی تقریبات کو حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔

جشن آزادی کی تقریبات آج سے 14 اگست تک بھر پور طریقے سے منائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ جشن آزادی تقریبات ''حصول آزادی سے تحفظ آزادی تک''جشن آزادی اور معرکہ حق'' کے عنوان سے منعقد ہوں گی ، معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر پاک فوج کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تمام سرکاری و نجی عمارتوں اور اہم شاہراہوں پرچم لہرائے جائیں گےجشن آزادی کے حوالے سے ضلع کے تمام سکول ، کالجز اور یونیورسٹی میں بھی تقریبات ہونگی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پبلک پارکس و دیگر شاہراہوں کو بھی جشن آزادی کے حوالے سے سجایا جائے گا ، ضلع میں موجود تمام بل بورڈز پر جشن آزادی کے حوالے سے تشہیر کی جائے گی ، شہروں میں ڈیجیٹل سکرینز بھی نصب کی جائیں گی ، ضلع کی تمام سرکاری و نجی عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ضلعی سطح پر 13 اگست کی رات ملی نغموں اور آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔

14 اگست کو پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا جائے ، پاکستانی پرچموں کے ساتھ معرکہ حق موٹر سائیکل ریلی کا بھی نکالی جائے گی۔سرکاری و نجی گاڑیوں پر قومی پرچم لگائے جائیں گے۔ڈی سی محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ عام شہریوں کی جانب سے تحصیل کی سطح پر گھر سجانے کے مقابلہ جات کروائے جائیں گے۔تحصیل کی سطح پر اول پوزیشن حاصل کرنے والے شہری کو 50 ہزار دوسری پر 25 جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والے شہری کو 15 ہزار روپے انعام سے نوازا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر تاجران میں بھی بازاروں اور مارکیٹوں کو سجانے کے مقابلے ہونگے۔یوم آزادی کے موقع پر سبز اور سفید رنگ کے غبارے بھی فضا میں چھوڑے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میونسپل کمیٹیز کی حدود میں سے کوئی بھی پول قومی پرچم سے خالی نہ ہو۔پرچم کی حرمت کو ہم سب نے مقدم رکھنا ہے ، پرچم کا احترام نہ کرنے والے اچھے شہری نہیں ہو سکتے۔

جشن آزادی کو بھر پور طریقے سے منانا ہمارے لیے باعث فخر و مسرت ہے۔ہر پاکستانی کو جشن آزادی اس طرح منانا چاہیے کہ دنیا بھر کو پتہ چلے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر تمام تحصیلوں کے شہریوں میں مفت پودے بھی تقسیم کیے جائیں گے۔جشن آزادی کے موقع پر ون ویلنگ اور ہلڑ بازی پر دفعہ 144 نافذ ہو گی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر ، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت ، انجمن تاجران سمیت تمام ضلعی اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے۔اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ ثناءشرافت اور اسسٹنٹ کمشنر سانگلہ ہل اسامہ امانت نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔\378