اردن کی غزہ کے معاملے پر مسلسل الزام تراشی کی مذمت

ہماری غزہ کے لیے کوششوں کو بدنام کرنے کی مہمات کامیاب نہیں ہوں گی، وزارتِ خارجہ

اتوار 3 اگست 2025 14:20

عمان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)اردن کی وزارتِ خارجہ و امورِ تارکین وطن نے غزہ میں فلسطینی عوام کی انسانی امداد کے سلسلے میں اردن کے کردار کے خلاف جاری مسلسل اشتعال انگیز مہمات کی سخت مذمت کی ہے۔ ان مہمات میں اردنی سفارت خانوں اور سفارتی مشنز پر بیرونِ ملک حملے بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزارتِ خارجہ کے ترجمان سفیان القضات نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہاردن کی فلسطینی عوام کی حمایت میں تاریخی اور اصولی پالیسی اور غزہ پر جاری حملے اور اس کے باعث پیدا ہونے والی انسانی تباہی کو ختم کرنے کی کوششوں کو کسی منظم پروپیگنڈا یا اس کے پس پردہ عناصر نقصان نہیں پہنچا سکتے۔

القضات نے مزید کہا کہ وزارتِ خارجہ نے ان ممالک کی وزارتوں سے باقاعدہ رابطہ کیا ہے جہاں یہ حملے پیش آئے اور ان ممالک کے اردن میں موجود سفیروں سے بھی بات کی گئی ہے۔ اردن نے مطالبہ کیا ہے کہ ان ممالک کو ویانا کنونشن 1961 کے تحت اردنی سفارتی مشنز اور عملے کی مکمل حفاظت یقینی بنانی چاہیے۔انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وزارت متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ان واقعات کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے احتساب پر کام کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حملے نہ دہرائے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :