متحدہ عرب امارات میں منشیات کی روک تھام کے لئے نیشنل اینٹی۔ نارکوٹکس اتھارٹی قائم

پیر 4 اگست 2025 10:50

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) متحدہ عرب امارات نے منشیات کی روک تھام کے لئے نیشنل اینٹی۔ نارکوٹکس اتھارٹی قائم کردی۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ ادارہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر نشے کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کی نگرانی کرے گا۔ منشیات سے متعلق جرائم اور سمگلنگ کا مقابلہ کرے گا اور سمگلنگ اور فروغ دینے والے نیٹ ورکس کا پیچھا کرتے ہوئے ملوث افراد کو عدالتی اداروں کے حوالے کرے گا۔

یہ ادارہ منشیات سے متعلق پالیسیاں اور حکمت عملی بھی تیار اور بہتر بنائے گا اور انہیں کابینہ کو منظوری کے لئے پیش کرے گا۔ علاوہ ازیں یہ ادارہ متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر منشیات کو ملک میں داخل ہونے یا باہر جانے سے روکنے کے لئے لوگوں، سامان اور نقل و حمل کے ذرائع کی نگرانی کرے گا۔

(جاری ہے)

یہ مشتبہ منشیات کی سمگلنگ اور تجارت کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھے گا۔

یہ ایک وفاقی ادارہ ہے جو کابینہ کے ماتحت ہوگا۔ یہ وزارت داخلہ کے جنرل ڈیپارٹمنٹ فار ڈرگ کنٹرول کی جگہ لے گا اور منشیات کی روک تھام کے لئے عمومی پالیسیاں، قوانین اور حکمت عملیوں کو تیار اور نافذ کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔ ادارے کے تحت منشیات کے نقصانات اور اس کے لوگوں اور معاشرے پر ہونے والے منفی اثرات بارے بیداری پیدا کرنے کے لئے آگاہی مہمات کا آغاز اور انتظام کیا جائے گا۔

یہ دوسرے ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ بھی معلومات اور تجربات کا تبادلہ کرنے کے لئے رابطہ کرے گا تاکہ منشیات کی سمگلنگ اور اس سے متعلق نیٹ ورکس کا مقابلہ کیا جا سکے۔اس تناظر میں نیا ادارہ اپنے دائرہ کار سے متعلق جامع قومی ڈیٹا بیس بھی بنائے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ یہ ڈیٹا متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط ہو تاکہ قومی پالیسیوں کی تاثیر اور کارکردگی میں اضافہ ہو۔