Live Updates

دنیا بھر سے دبئی کا رخ کرنے والے سیاحوں کی تعداد 6 فیصد اضافہ کے ساتھ 98.8 لاکھ تک پہنچ گئی

پیر 4 اگست 2025 16:45

دنیا بھر سے دبئی کا رخ کرنے والے سیاحوں کی تعداد 6 فیصد اضافہ  کے ساتھ ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) دبئی کی بدلتی ہوئی سیاحتی پیشکش، مؤثر عوامی و نجی شراکت داری اور مضبوط عالمی مارکیٹنگ حکمت عملی کے تحت 2025 کے جنوری سے جون کے دوران 98.8 لاکھ بین الاقوامی سیاحوں نے شہر کا رخ کیا جو 2024 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یہ اعداد و شمار دبئی ڈیپارٹمنٹ آف اکانومی اینڈ ٹورازم (ڈی ای ٹی) نے جاری کیے ہیں۔

دبئی کے ولی عہد نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ دبئی بین الاقوامی سیاحت میں مسلسل نئے ریکارڈز قائم کر رہا ہے جو نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کے اس وژن کو تقویت دیتا ہے کہ دبئی کو عالمی کاروباری اور سیاحتی مرکز بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی دبئی کی مسلسل ترقی، تجارت، سرمایہ کاری، ہنر اور مواقع کے مرکز کے طور پر ابھرنے اور دنیا کے سب سے زیادہ مربوط شہر کے طور پر تسلیم کیے جانے کی عکاسی کرتی ہے۔

دبئی نے منفرد تجربات تخلیق کر کے اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا ہے۔ شاندار انفراسٹرکچر سے لے کر منفرد تفریحی مقامات تک دبئی سیاحت اور مہمان داری کے شعبوں میں جدت پر مبنی مثالی ماڈل پیش کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دبئی اکنامک ایجنڈا کے اہداف کو آگے بڑھاتے ہوئے سیاحت دبئی کی معیشت میں جی ڈی پی کی ترقی اور بین شعبہ جاتی ویلیو کریئیشن کا بنیادی ذریعہ بنی رہے گی، ہم سیاحوں کی ضروریات کو پہلے سے سمجھ کر ان کی توقعات سے بڑھ کر خدمات فراہم کر کے دبئی کو دنیا کا بہترین شہر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

ڈی ای ٹی کی رپورٹ کے مطابق 2025 کی پہلی ششماہی میں خلیجی تعاون کونسل اور مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ سے بالترتیب 15 فیصد (15.1 لاکھ) اور 11 فیصد (11.2 لاکھ) سیاح دبئی آئے جو مجموعی سیاحوں کا 26 فیصد بنتا ہے۔مغربی یورپ سب سے بڑا ماخذ رہا جہاں سے 22.1 لاکھ (22 فیصد) سیاح دبئی پہنچے، اس کے بعد سی آئی ایس اور مشرقی یورپ 15فیصد، جنوبی ایشیا 15فیصد، شمال مشرقی و جنوب مشرقی ایشیا 9فیصد، امریکہ 7فیصد، افریقہ 4فیصد اور آسٹریلیشیا 2فیصد شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دبئی نے اپنی انفرادیت، سلامتی اور رابطہ کاری کے باعث روایتی و ابھرتی ہوئی مارکیٹوں سے سیاحوں کو متوجہ کیا ہے، شہر کا رہائشی انفراسٹرکچر بھی بہتر ہوا جہاں 2025 کی پہلی ششماہی میں مختلف علاقوں میں نئی ہوٹل سہولیات کا آغاز ہوا جن میں جمیرا مرسا العرب (ام سقیم)، شوال میزن (ایکسپو سٹی)، بلٹمور ہوٹل ولاز (البرشاء)، اور وِدا دبئی مال (ڈاؤن ٹاؤن) شامل ہیں۔

ڈی ای ٹی کے ڈائریکٹر جنرل ہلال سعید المری نے کہا کہ 2025 کی پہلی ششماہی میں دبئی کی شاندار سیاحتی کارکردگی ہماری اقتصادی حکمت عملی کی مضبوطی اور لچک کو ظاہر کرتی ہے، چاہے عالمی سطح پر مہنگائی، بدلتے رجحانات اور غیر یقینی معاشی حالات جیسے چیلنجز موجود ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سیاحتی تجربات کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی، لگژری، فلاح و بہبود اور تجرباتی سفر میں سرمایہ کاری کی ہے، مقامی کمیونٹی سے روابط بڑھا کر ثقافتی تبادلے کو فروغ دیا ہے اور پائیداری کو سیاحتی نظام میں شامل کیا ہے۔

ڈی ای ٹی نے معروف ہوٹل گروپوں جیسے میریئٹ انٹرنیشنل، حیات اور پریمیئر ان کے ساتھ شراکت داری کی تاکہ مہمانوں کے تجربے کو مزید بہتر کیا جا سکے۔دبئی کارپوریشن فار ٹورازم اینڈ کامرس مارکیٹنگ کے سی ای او عصام کاظم نے کہا کہ ہماری کامیابی دوراندیش قیادت اور D33 کے اسٹریٹجک اہداف کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔ مقامی افراد، کاروبار اور سیاحوں نے شہر کی حقیقی ترجمانی کر کے اسے دنیا بھر میں متعارف کروایا ہے۔ دبئی میں مضبوط انفراسٹرکچر، کاروبار دوست ماحول اور سال بھر کی تفریح، تجارت اور کانفرنسوں کی بدولت سیاحتی بنیاد مزید وسیع ہوئی ہے۔2025 کی پہلی ششماہی میں دبئی کو متعدد بین الاقوامی اعزازات بھی حاصل ہوئے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات