انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کی خان یونس میں فلسطین ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر پر اسرائیلی حملے کی مذمت

پیر 4 اگست 2025 13:01

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز (آئی ایف آر سی ) نے غزہ کے شہر خان یونس میں فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی ( پی آر سی ایس ) کے ہیڈکوارٹر پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔شنہوا کے مطابق اسرائیل نے اتوار کو غزہ کے شہر خان یونس میں فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی ( پی آر سی ایس ) کے ہیڈکوارٹر پر بمباری کی جس میں پی آر سی ایس کے عملے کا رکن عمر اسلم شہید اور عملے کے 2 ارکان اور ایک شہری زخمی ہوگیا جو آگ بجھانے میں مدد کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز نے گزشتہ روز بیان میں غزہ میں شہریوں اور انسانی ہمدردی کے کارکنوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ فلسطینی ہلال احمر کے احترام اور تحفظ پر زور دیا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی ہلال احمر کو متعدد حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس جنگ میں فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کے مجموعی طور پر 51 اہلکار شہید ہوگئے، جن میں سے 31 ڈیوٹی پر مامور تھے جنہوں نے ہلال احمر کی شرٹس پہنی ہوئی تھیں جسے بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ان کے تحفظ کی ضمانت ہونی چاہیے تھی۔

انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کی بنیاد 1919 میں رکھی گئی تھی اور اس کا صدر دفتر سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہے جو بین الاقوامی ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ موومنٹ کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس اور نیشنل سوسائٹیز کا حصہ ہے۔ ■