گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی کو مردہ قرار دیکر شناختی کارڈ منسوخ کروادیا

پیر 4 اگست 2025 17:27

گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی کو مردہ قرار دیکر شناختی کارڈ منسوخ کروادیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء) لاہور میں گھریلو ناچاقی پر تنسیخ نکاح کا دعویٰ کرنے والی خاتون کو شوہر نے مردہ قرار دیکر شناختی کارڈ منسوخ کرادیا، خاتون نے عدالت سے رجوع کیا جس پر پر نادرا نے کارڈ بحال کردیا، عدالت نے کیس نمٹاتے ہوئے شوہر کیخلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔لاہور میں شوہر نے گھریلو ناچاقی پر تنسیخ نکاح کا دعوی کیا، جس پر شوہر نے خاتون کو مردہ قرار دیکر شناختی کارڈ منسوخ کروادیا، ایل ڈی اے نے خاتون کی تنخواہیں روک لیں، حبیبہ نامی خاتون نے عدالت سے رجوع کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں خاتون کو مردہ قرار دیکر شناختی کارڈ منسوخ کرنے کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی، ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا لاہور ریجن، ایس ایچ او مریدکے عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا لاہور ریجن نے عدالت کو بتایا کہ خاتون کا شناختی کارڈ بحال کردیا گیا ہے۔ جس پر عدالت نے درخواست نمٹادیا۔درخواست گزار خاتون حبیبہ نے عدالت کو بتایا کہ گھریلو ناچاقی پر تنسیخ نکاح کا دعوی کیا، شوہر رانا عباس نے رنجش میں اقدام اٹھایا، میونسپل کمیٹی مریدکے نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا، نادرا نے مردہ قرار دے کر شناختی کارڈ منسوخ کردیا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار ایل ڈی اے کی ملازمہ ہے، شناختی کارڈ منسوخ ہونے سے تنخواہیں روک لی گئی ہیں، عدالت منسوخ شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم دے۔ڈائریکٹر نادرا لاہور ریجن نے عدالت کو بتایا کہ کہ خاتون کا شناختی کارڈ بحال کردیا گیا ہے۔ ایس ایچ او انارکلی کا کہنا تھا کہ خاتون کے شوہر کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔ عدالت نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو کارروائی کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹادی۔