عالمی برادری ہندوستان پر جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے جرائم روکنے کے لئے دبائو ڈالے،وزیراعظم

حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ پاکستان کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا،،شہباز شریف کا یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پیغام

پیر 4 اگست 2025 18:10

عالمی برادری ہندوستان پر جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے جرائم روکنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری ہندوستان پر زور دے کہ وہ اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے جرائم کا ارتکاب روکے اور 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات واپس لے۔

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں جو کہ نہ صرف بین الاقوامی قانون، اصولوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی مکمل خلاف ورزی بلکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر (IIOJK) میں آبادی کے ڈھانچے اور سیاسی منظر نامے کو تبدیل کرنے کی سازش بھی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ یوم استحصال بھارت کی طرف سے امن اور استحکام کو مسترد کرنے اور بھارتی بربریت کی ایک سنجیدہ یاد دہانی ہے،بھارت کے غیر قانونی اور ناجائز قبضے کے شکار کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق، وقار اور شناخت سے مسلسل انکار علاقائی عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پر بھارت کے قبضے کو کسی بھی طرح برقرار نہیں رکھا جا سکتا اس لئے بھارت نے ریاستی دہشت گردی اور جبر میں تقریباً آٹھ دہائیوں سے دوگنا اضافہ کردیا ہیجبکہ بہادر کشمیری عوام نے وقار کے ساتھ اس ظلم کو برداشت کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن تمام پاکستانیوں اور دنیا کے تمام امن پسند لوگوں کے لیے کشمیری عوام کی غیر متزلزل استقامت اور قربانی کے جذبے کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔کشمیری عوام کی حقیقی قیادت کو خاموش کرنے کی کوششیں بھارت کے وسیع تر تسلط پسند اور انتہا پسندانہ ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک اور مسرت عالم بھٹ سمیت کشمیری رہنماؤں اور کارکنوں کی نظربندی ہماری کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے عزم کو کبھی بھی کمزور نہیں کرے گی۔

غیر قانونی بھارتی قبضے کے دوران نہ ختم ہونے والی دھمکیوں کے ماحول میں مسلسل مزاحمت کشمیری عوام کے بے مثال حوصلے کا ثبوت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ جنوبی ایشیا کے خطے کا ایک بنیادی تنازعہ ہے جو بھارت کے مسلسل اشتعال انگیز رویے کا محرک ہے۔ مئی 2025ئ میں پاکستان کے خلاف بھارت کی بلا اشتعال جارحیت اور اس کی فوری اور جامع فوجی شکست اس بات کا تازہ ترین ثبوت ہے کہ عالمی برادری کے لئے تنازعہ جموں و کشمیر کا حل کس قدر ضروری ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی مرضی اور خواہشات ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر کے تنازعے کے منصفانہ حل کی تلاش ہماری خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ہندوستان پر زور دے کہ وہ غیر قانونی طور پر اس کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے جرائم کو روکے اور وہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات واپس لے، سخت قوانین کو منسوخ کیا جائے اور جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کروایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔