اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ملک میں فائیو جی جلد متعارف کرائی جائے گی، ملک میں بلاتعطل اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی اولین ترجیح ہے، سمارٹ فون فار آل پالیسی کے تحت تمام شہریوں کو آسان اقساط پر موبائل فون فراہم کئے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹک ٹاک ایپ فیچر سٹیم فیڈ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے، ٹیکنالوجی تمام شعبوں میں ضرورت بن گئی ہے، اب ہمیں اس کے مثبت استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ کچھ نیا سیکھیں اور سکھائیں، ہم پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم ٹیکنالوجی کا اخلاقی اور ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنائیں۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی بروئے کار لا کر فرد واحد بھی تعلیم، روزگار سمیت دیگر شعبوں میں انقلاب لا سکتا ہے، نوجوانوں کو ہنر سیکھنا چاہئے، پڑھے لکھے اور ان پڑھ لوگ ٹک ٹاک استعمال کرتے ہیں، ٹک ٹاک کے ساتھ حکومت کے بہترین تعلقات ہیں، ٹک ٹاک ہمارے ملکی قوانین پر عمل کرتا ہے۔ شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ہم ٹک ٹاک کو لرننگ پلیٹ فارم بنانا چاہتے تھے، ٹک ٹاک کے کروڑوں صارفین ہیں، ہمارا مقصد ان لوگوں کیلئے ٹک ٹاک کو تعلیم کا محور بنانا ہے، سٹیم فیڈ کے ذریعے یہ مقصد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے اس اہم اقدام پر وزارت تعلیم، وزارت اطلاعات و نشریات، وزیراعظم یوتھ پروگرام اور ٹک ٹاک کی ٹیم کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی میں میڈیا کا اہم کردار ہے، نوجوانوں کو بھی ان پلیٹ فارم کے استعمال سے متعلق خود بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور دوسروں کو بھی اس سے متعلق آگاہ کرنا چاہئے، اخلاقی اور ذمہ دارانہ استعمال کے ذریعے ہم ان پلیٹ فارم کو ملک کی ترقی کیلئے بروئے کار لا سکتے ہیں، ہر بچے اور فرد کی ڈیجیٹل شناخت تیار کرنے کیلئے قانون سازی کی گئی ہے، ڈیجیٹل پاکستان ایکٹ کا مقصد ملک کے نظم و نسق، معیشت سمیت تمام ڈیٹا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے اور یہ تمام ڈیٹا مربوط ہو، ڈیجیٹائزیشن سے تمام دستاویزات اور معلومات ایک کلک پر دستیاب ہوں گی، ڈیجیٹل نیشن پاکستان میں پیشرفت کے بعد ہر شخص کی ڈیجیٹل شناخت تیار کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تیز رفتار اور مسلسل انٹرنیٹ کی فراہمی اولین ترجیح ہے، گذشتہ سال میں انٹرنیٹ کی مانگ میں 25 فیصد اضافہ ہوا، 2023ء میں پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، اب ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، دنیا بھر میں پاکستان کا نام بلند ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مئی میں معرکہ حق میں پاکستان نے نہ صرف روایتی جنگ جیتی بلکہ ٹیکنالوجی کے میدان میں دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیئے، ایک طرف تو ہم نے جہاز گرائے تو دوسری طرف ٹیکنالوجی وار فیئر میں بھی نوجوانوں سمیت سب پاکستانیوں نے مل کر دشمن کو شکست دی، اس جنگ میں ٹیکنالوجی کا اہم کردار تھا، پاکستان نے دنیا میں ٹیکنالوجی کے شعبہ میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے، ملک میں مہنگائی اور شرح سود میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2014ء میں محمد نواز شریف کے دور میں فور جی ملک میں آئی، ملک کو 550 میگاہرٹز پر لے جائیں گے، جلد آکشن کریں گے جس سے نہ صرف تھری جی اور فور جی کی سپیڈ بہتر ہو گی بلکہ فائیو جی بھی ملک میں متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل فائبریشن پلان کے تحت ملک بھر میں فائبر کا جال بچھایا جائے گا، انٹرنیٹ کا یہ ذریعہ زیادہ قابل بھروسہ اور تیز رفتار ہے۔
انہوں نے کہا کہ تین نئی سب میرین کیبل میں سے سب سے بڑی میرین کیبل پاکستان میں پہنچ چکی ہے جو رواں سال کے آخر تک فعال ہو جائے گی، دنیا سے سیٹلائیٹ انٹرنیٹ ملک میں لانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیںِ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سمارٹ فون فار آل کی پالیسی بتائی ہے، اس پالیسی کے تحت تمام شہریوں کو سمارٹ فون بلاامتیاز آسان اقساط پر فراہم کئے جائیں گے، خواتین کی مالیات تک رسائی بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں اب تک 12 لاکھ لیپ ٹاپس تقسیم کئے گئے ہیں، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت رواں سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ قابل اور مستحق طالب علموں میں میرٹ پر تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا کہ ٹک ٹاک انٹرٹینمنٹ کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے لیکن اس اقدام سے نوجوانوں میں تعلیم اور سیکھنے کے عمل کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، وہ اس اقدام کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکتے ہیں اور ان کو بروئے کار لا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تربیت حکومت کی اولین ترجیح ہے، نوجوان موبائل فون یا لیپ ٹاپ کے ذریعے دنیا جہاں کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت تعلیم اور وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی ٹیکنالوجی تک رسائی یقینی بنانے کیلئے بھرپور محنت کر رہے ہیں، ہمیں مربوط حکمت عملی کے ذریعے آگے بڑھنے سے کامیابی ملے گی، وفاقی دارالحکومت کے سکولوں کے بچوں کی 100 فیصد ٹیکنالوجی تک رسائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال دسمبر تک وفاقی دارالحکومت کے تمام سکولوں کو فائبر آپٹک کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا اور انہیں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ فراہم کیا جائے گا۔