وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت گداگری کے خاتمے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری

پیر 4 اگست 2025 18:02

وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت گداگری کے خاتمے کے لیے ریسکیو آپریشن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو محترمہ سارہ احمد کی ہدایت پر گداگری کے خاتمے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہیں۔انسدادِ گداگری مہم کے سلسلے میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ریسکیو ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر لاہور بھر میں بھرپور ریسکیو آپریشن کر رہی ہیں۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے بتایا کہ جولائی کے مہینے کے دوران صرف لاہور سے 250 بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا گیا۔چیئرپرسن کے مطابق پنجاب بھر میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ضلعی دفاتر کی ریسکیو ٹیموں نے مجموعی طور پر 738 بھکاری بچوں کو ریسکیو کیا۔لاہور کے مختلف علاقوں جن میں کیمپس پل، گلبرگ مین مارکیٹ، جوہر ٹاؤن، اکبر چوک، بھٹہ چوک، ڈیفنس، برکت مارکیٹ، کریم بلاک مارکیٹ، مون مارکیٹ، ایم ایم عالم روڈ سمیت دیگر مقامات شامل ہیں، سے بچوں کو تحویل میں لیا گیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو ٹیمیں روزانہ صبح 10 بجے سے رات 11 بجے تک ریسکیو آپریشن سرانجام دے رہی ہیں جبکہ عوامی شکایات کی روشنی میں ہفتہ اور اتوار کو بھی یہ آپریشن جاری رہتے ہیں۔چیئرپرسن سارہ احمد کے مطابق یہ ریسکیو آپریشن نہ صرف لاہور بلکہ پنجاب بھر کے تمام ضلعی دفاتر میں بھی مکمل جانفشانی سے جاری ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ بھکاری مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور بچوں سے بھیک منگوانے پر مقدمات درج کروا کر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ اگر آپ کو کسی بھی جگہ بھکاری بچوں کی موجودگی یا بچوں سے زبردستی بھیک منگوائی جانے کی اطلاع ہو تو فوری طور پر چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر رابطہ کریں۔