پنجاب اسمبلی کی لائبریری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے، ملک ظہیر اقبال

پیر 4 اگست 2025 18:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) پنجاب اسمبلی کی لائبریری کمیٹی کا اہم اجلاس پیر کے روز اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس کی صدارت قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی و چیئرمین لائبریری کمیٹی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کی۔اجلاس میں چیئرمین استحقاق کمیٹی پنجاب اسمبلی سمیع اللہ خان ،اراکین اسمبلی غلام رضا ربیرا، سردار اویس احمد دریشک، سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چوہدری عامرحبیب، سیکرٹری پارلیمانی امور خالد محمود،لائبریرین فاخرہ پروین اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ اراکین اسمبلی سردار محمد علی اور آمنہ شیخ نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔

اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی لائبریری کو جدید خطوط پر استوار کرنے، تحقیق و مطالعہ کے فروغ اور ڈیجیٹل ریسورسز کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قائم مقام سپیکر و چیئرمین لائبریری کمیٹی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی لائبریری صرف ایک ادارہ نہیں یہ علم و دانش کا خزانہ ہے۔ ہم اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ لائبریری کے لیے وسائل کی کمی کبھی آڑے نہیں آنے دیں گے اور ہر ماہ اس کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اسمبلی کے ہر رکن کو تحقیق کے لیے ایک جامع، مستند اور بروقت لائبریری سروس مہیا ہو تاکہ قانون سازی میں علم و بصیرت کا عنصر مزید نکھر کر سامنے آئے۔اراکین اسمبلی نے چیئرمین کے ویژن کو سراہا اور مختلف تجاویز پیش کیں۔

رکن اسمبلی سردار محمد علی نے کہا کہ لائبریری کا جدید نظام ہماری قانون سازی کے معیار کو بلند کرے گا۔رکن آمنہ شیخ نے کہا کہ اسمبلی لائبریری کو ڈیجیٹل ریسرچ سنٹر میں بدلنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ قانون ساز زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکیں۔رکن اسمبلی سردار اویس احمد دریشک نے کہا کہ اسمبلی لائبریری میں ریسرچرز کو سازگار ماحول فراہم کیا جانا چاہیے۔ ہائی اسپیڈ وائی فائی، موبائل ایپ اور استعداد کار بڑھانے جیسے اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ لائبریری تحقیق کے میدان میں ایک موثر ادارہ بن سکے۔اجلاس میں لائبریری کے انتظامات، کتب و جرائد کی فراہمی، ریسرچ سٹاف کی تربیت اور الیکٹرانک ڈیٹا بیس کی تشکیل جیسے اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔