پولیس فورس کا ہر سپاہی ہمارے لیے فخر کا نشان ، شہریوں کے جان و مال اور قومی سلامتی کا ضامن ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان

پیر 4 اگست 2025 18:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے عظیم سپاہیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ یہ وہ نڈر محافظ ہیں جنہوں نے دہشتگردی، جرائم اور بدامنی کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کی قربانی دے کر ہمارے کل کو محفوظ بنایا ۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ قومیں کبھی ناکام نہیں ہوتیں جو اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھتی اوران کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑتیں۔پولیس شہداء ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں جن کی قربانیاں قومی شعور، امن اور ترقی کا سنگِ بنیاد ہیں انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کا ہر سپاہی ہمارے لیے فخر کا نشان ہے جو نہ صرف قانون کا محافظ ہے بلکہ ریاستی وقار، شہریوں کے جان و مال اور قومی سلامتی کا ضامن بھی ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان حکومت پولیس کے شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے گی اور ہر سطح پر ان کی معاونت جاری رکھی جائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہمیں شہداء کی قربانیوں کو صرف یاد نہیں کرنا بلکہ اپنے کردار اور عمل سے ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک پرامن، محفوظ اور خوشحال بلوچستان شہداء کی قربانیوں کا اصل ثمر ہے، جس کی حفاظت ہر شہری کی قومی ذمہ داری ہے۔