کمشنر راولپنڈی کا لیاقت باغ ٹرانسفر اسٹیشن کا دورہ،کوڑے کی منتقلی اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ

پیر 4 اگست 2025 18:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر انتظام لیاقت باغ ٹرانسفر اسٹیشن کا دورہ کر کے صفائی کی مجموعی صورتحال، کوڑے کی منتقلی اور سٹیشن سے ملحقہ علاقوں میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کمشنر راولپنڈی کو ادارے کی جاری سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر سینئرمنیجر آپریشنز ڈاکٹر حامد اقبال، مینیجر آپریشنز، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ایمان ظفر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عمران علی و دیگر افسران بھی موجود تھے۔کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے ہدایت کی کہ کچرے کی روزانہ بنیادوں پر منتقلی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہر کی صفائی میں کوئی خلل نہ آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹرانسفر سٹیشن سے ملحقہ آبادیوں میں تعفن کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے، اس مقصد کے لیے ٹرانسفر سٹیشن کی چار دیواری کو بلند کیا جائے اور بدبو کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

سی ای او رانا ساجد صفدر نے کہا کہ کمشنر کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے شہر میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اور عوامی توقعات کے مطابق بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انجینئر عامرخٹک نے مزید کہا کہ ولیج کمیٹیوں کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ صفائی اور دیگر سرگرمیوں کی مؤثر مانیٹرنگ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے واضح ہدایت دی کہ صفائی مہم کا دائرہ صرف شہری علاقوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ دیہی علاقوں میں بھی اس کا اثر نمایاں ہونا چاہیے۔ اس کےساتھ یونین کونسلز اور میونسپل افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ عوام میں آگاہی مہم شروع کریں تاکہ شہری ستھرا پنجاب پروگرام میں بھرپور شمولیت اختیار کر کے راولپنڈی کو زیرو ویسٹ بنائیں۔

متعلقہ عنوان :