جشن آزادی و معرکہ حق کے حوالے سے صوبہ سندھ میں دو ہزار سے زائد تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے، وزیر توانائی ناصر حسین شاہ

پیر 4 اگست 2025 20:41

جشن آزادی و معرکہ حق کے حوالے سے صوبہ سندھ میں دو ہزار سے زائد تقریبات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) وزیر توانائی ، ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ جشن آزادی و معرکہ حق کے حوالے سے صوبہ سندھ میں دو ہزار سے زائد تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھرکول انرجی بورڈ کے دفتر میں اس حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے کیک کاٹ کر تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیدناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیراعلی سندھ کی ہدایات پر جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات پورے سندھ میں جوش و ولولہ کے ساتھ منائی جارہی ہیں جبکہ تمام سرکاری اداروں میں بھی تقریبات کا خصوصی اہتمام کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق اور جشن آزادی کے حوالے سے محکمہ توانائی سندھ میں یہ دوسری تقریب ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جشن آزادی و معرکہ حق پوری پاکستانی قوم کیلئے باعث فخر ہے، پوری پاکستانی قوم معرکہ حق و جشن آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منانے میں مصروف ہے۔اس موقع پر ایم ڈی تھرکول انرجی بورڈ طارق علی شاہ نے تقریب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تھرکول بورڈ کے تمام افسران و ملازمین اس تقریب کو منانے کیلئے انتہائی پر جوش تھے۔ تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی قاسم سراج سومرو، ایم ڈی تھرکول انرجی بورڈ(ٹی سی ای بی)طارق علی شاہ، سی ای او(ایس ٹی ڈی سی )سلیم شیخ، ڈائریکٹر تھرکول انرجی بورڈ نثار میمن کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔