آنے والا دور مسلم لیگ (ن) کا ہے، عوام کو دہلیز پر سہولیات پہنچانا ہمارا مشن ہی سردارعامرالطاف خان

پیر 4 اگست 2025 22:22

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)مرکزی رہنما مسلم لیگ (ن) و وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن آزاد کشمیر سردار عامر الطاف خان نے کہا ہے کہ آنے والا وقت مسلم لیگ (ن) کا ہے ہم نے اپنے دورِ حکومت میں نہ صرف ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کو ترجیح دی بلکہ عوام کو اُن کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی ہماری سیاست کا مرکز و محور عوامی خدمت ہے اور ہم اسی جذبے کے تحت ہر شعبے میں اصلاحات اور بہتری لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد میں فیصلے کیے ہیں عوام نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ کس طرح ایک گرتی ہوئی معیشت کو سنبھالا گیا اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا گیاہم نے مشکل ترین حالات میں بھی ہمت نہیں ہاری اور ایسے فیصلے کیے جن کا فائدہ آج عوام تک پہنچ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ہجیرہ کے عوام محب وطن وفادار اور باشعور ہیںجو ہمیشہ حق اور سچ کے ساتھ کھڑے رہے ہیںہجیرہ مسلم لیگ (ن) کا مضبوط قلعہ ہے اور ان شاء اللہ یہاں کے تمام مسائل کو جلد حل کیا جائے گا۔

سردار عامر الطاف خان نے کہا کہ ہم نے عوام کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دی اور ہمیشہ اُن کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے ہم صرف دعوے نہیں کرتے ہم نے کام کر کے دکھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا منشور صرف عوام کی حقیقی خدمت کرنا ہے ہماری کوشش ہے کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک عوامی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اولین ترجیح دی ہے، اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھے گی ۔مسلم لیگ (ن) ترقی کا دوسرا نام ہے اور انشائاللہ آئندہ انتخابات میں عوام کی طاقت سے ایک بار پھر کامیابی حاصل کر کے ترقیاتی سفر کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔