خضدار میں ایف سی کی کارروائی، بڑی مقدار میں منوعہ سمگلنگ شدہ اشیاء برآمد و نذر آتش

پیر 4 اگست 2025 20:30

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء) فرنٹیئر کور قلات اسکائوٹس ایف سی نے خضدار میں ایک کامیاب اور منظم کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں غیر قانونی اشیاء برآمد کیں، جن میں چھالیہ، گٹکا، سپاری اور مختلف اقسام کے ممنوعہ سگریٹ شامل ہیں۔ ایف سی کی جانب سے یہ اشیائ گزشتہ شب خضدار ٹاؤن شپ کے علاقے میں دوران نذر آتش کردی گئیں۔

اس کارروائی کو مقامی حکام اور عوام نے معاشرے سے نشہ آور اشیاء کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ایف سی حکام کے مطابق، یہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ خضدار کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئیں نشہ آور اشیاء کو نشانہ بنایا گیا۔ ایف سی کی ٹیموں نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں چھاپہ مار کارروائی کی اور بھاری مقدار میں چھالیہ، گٹکا، سپاری اور غیر قانونی سگریٹ قبضے میں لیے۔

(جاری ہے)

برآمد کی گئی اشیاء کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔ کارروائی کے بعد تمام اشیاء کو خضدار ٹاؤن شپ کے ایک کھلے مقام پر جمع کیا گیا اور مقامی انتظامیہ کی موجودگی میں انہیں آگ لگا کر تلف کردیا گیا۔ ایف سی امن و امان ائم کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی برائیوں کے خاتمے اور عوامی بہبود کے لیئے بھی نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔ ایف سی بلوچستان اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور لگن کی وجہ سے عوام میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے۔

یہ فورس نہ صرف دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف موثر کارروائیاں کرتی ہے بلکہ منشیات، غیر قانونی تجارت اور دیگر سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیئے بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔خضدار میں ایف سی کی اس تازہ کارروائی کو مقامی لوگوں نے سراہا اور اسے معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیئے ایک قابلِ تحسین اقدام قرار دیا گیا۔ نشہ آور اشیاء ، بالخصوص گٹکا اور چھالیہ، نوجوان نسل کے لیئے ایک بڑا خطرہ ہیں، جو صحت کے سنگین مسائل کا باعث بنتی ہیں۔ ایف سی کی اس کارروائی سے نہ صرف ان اشیاء کی غیر قانونی تجارت پر ضرب پڑی ہے بلکہ معاشرے میں صحت مند ماحول کے قیام کی راہ بھی ہموار ہوئی ہے۔