ڈسٹرکٹ کنزیومر اتھارٹی کاغیر معیاری سروسز اور ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن،50 لاکھ روپے جرمانہ

پیر 4 اگست 2025 23:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ کنزیومر اتھارٹی نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر معیاری اور ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پچاس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ۔کنزیومر اتھارٹی کے ترجمان ادریس رندھاوا نے بتایا کہ صارفین کو حقوق دلوانے کے لئے کنزیومر اتھارٹی ضلع بھر میں سرگرم ہے اور راولپنڈی کے تمام علاقوں سے جو بھی شکایات موصول ہوتی ہیں ان کے فوری کاروائی کی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے دوران کنزیومر اتھارٹی نے غیر معیاری سروسز اور ناقص اشیاء کی فروخت پر پچا س لاکھ چالیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ۔ترجمان نے بتایا کہ پنجاب کنزیومر ایکٹ کے تحت دکانداروں پر لازم ہے کہ وہ اشیاء کی ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر لگائیں اور فروخت کردہ اشیاء کی واپسی یا تبدیلی بھی دکان یا کمپنی میں نمایاں جگہ پر لکھی ہو، راولپنڈی میں ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جاتی ہے اور ریفرنسز کنزیومر اتھارٹی کو بجھواۓ جاتے ہیں ،کنزیومر اتھارٹی نے خلاف ورزی ثابت ہونے پر دکانداروں کو جرمانہ عائد کیا جو پنجاب حکومت خزانہ میں جمع کروایا گیا ہے۔