Live Updates

لاہور، پی ٹی آئی کا 300 کارکنان گرفتار کیے جانے کا دعوی

سندھ کے ضلع ٹنڈوالہیار میں پی ٹی آئی کے ضلعی صدر ایڈووکیٹ نہال لاشاری کو گرفتار کرلیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 5 اگست 2025 15:48

لاہور، پی ٹی آئی کا 300 کارکنان گرفتار کیے جانے کا دعوی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 اگست ۔2025 )پی ٹی آئی نے لاہور سے 300 سے کارکنان کو حراست میں لیے جانے کا دعوی کیا ہے جبکہ سندھ کے ضلع ٹنڈوالہیار میں پی ٹی آئی کے ضلعی صدر ایڈووکیٹ نہال لاشاری کو گرفتار کر کے انصاف ہاﺅس کو بند کردیا گیا. صدرپی ٹی آئی لاہور امتیاز شیخ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں یوم سیاہ کے طور پر بھرپور احتجاج کیاجارہا ہے ، پی ٹی آئی کے تمام ٹکٹس ہولڈر اور کارکنوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اپنے حلقوں میں احتجاج کریں پی ٹی آئی رہنما نے دعوی کیا کہ لاہور پولیس پی ٹی آئی رہنماں اور کارکنوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے .

(جاری ہے)

پارٹی ذرائع نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ لاہور سے ہمارے 300کارکنان کو حراست میں لیا گیا ہے، گزشتہ روز پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی چھاپوں کے خوف سے اسمبلی عمارت سے نہیں نکل رہے تھے دوسری جانب سندھ کے ضلع ٹنڈوالہیار میں پی ٹی آ ئی کے ضلعی صدر ایڈووکیٹ نہال لاشاری کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ انصاف ہاﺅس کو بند کردیا گیا. تحریک انصاف ٹنڈوالہیار کے ضلعی صدر ایڈووکیٹ نہال لاشاری کی گرفتاری کی ویڈیو وائرل ہو گئی جس میں پولیس موبائل میں بیٹھے دکھائی دئیے، ضلعی صدر کی گرفتاری کے بعد انصاف ہاﺅس ٹنڈو الہیار پر تالے پڑ گئے ایڈووکیٹ نہال لاشاری کی گرفتاری کے بعد کارکنان میں بے چینی پائی گئی تاہم تحریک انصاف کے ضلعی صدر کی گرفتاری پر پولیس کی جانب سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا.

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق نہال لاشاری نے 5 اگست کو تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے دو سال مکمل ہونے پر احتجاج کی کال دے رکھی تھی جبکہ انہوں نے تاجروں سے شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی اپیل والی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی. 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات