بزنس کمیونٹی اور پولیس کے درمیان رابطوں کے ذریعے ملکی معیشت کو ٹھوس اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے، صدر فیصل آباد چیمبر

بدھ 6 اگست 2025 16:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) فیصل آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی اور پولیس کے درمیان رابطوں کے ذریعے ملکی معیشت کو ٹھوس اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے۔فیصل آباد چیمبر کا دورہ کرنیوالے زیر تربیت اے ایس پی صاحبان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیمبر غیر سیاسی ادارہ ہے جو حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر اور پولیس کے درمیان انتہائی خوشگوار تعلقات ہیں جس کی وجہ سے امن وامان میں بہتری سے یہاں صنعتی شعبہ نے تیزی سے ترقی کی۔ انہوں نے پولیس کے جوانوں کی ویلفیئر، شہداکے خاندانوں کی مالی اعانت، شہدا کے بچوں کی تعلیم اور نوکری سمیت دیگر اقدامات کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ کاروباری اور لین دین کے تنازعات کے حل کیلئے بھی فیصل آباد چیمبر پولیس سے ہر ممکن تعاون کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیس کو مظلوم کی ڈھال قرار دیا اور کہا کہ انہیں عملی زندگی میں اپنے علم کو بروئے کارلاتے ہوئے اس محکمہ میں نئی او رمثبت روایات کو پروان چڑھانا چاہیے۔نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ نے زیر تربیت افسران کے سوالوں کے جوابات دیئے اور بتایا کہ سیف سٹی کیلئے کیمروں کی تنصیب میں بھی بزنس کمیونٹی نے کلیدی کردار ادا کیا۔ آخر میں صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے زیر تربیت افسران کو چیمبر کی 50سالہ تقریبات کے حوالہ سے خصوصی بیج لگائے۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ممبر ندیم اقبال ودیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :