بین الاقوامی نیوکلیئر سائنس اولمپياڈ 2025 میں پاکستان نے سونے اور چاندی کے ایک ایک تمغہ سمیت 2 برانز میڈلز جیت لئے

بدھ 6 اگست 2025 17:05

بین الاقوامی نیوکلیئر سائنس اولمپياڈ 2025  میں پاکستان نے   سونے اور چاندی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) پاکستانی طلباء نے دوسری بین الاقوامی نیوکلیئر سائنس اولمپياڈ (آئی این ایس او) میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے سونے اور چاندی کے ایک تمغہ کے ساتھ کانسی کے 2 تمغے اپنے نام کر لیے، مقابلے 30 جولائی سے 5 اگست 2025 کے دوران ملائیشیا میں منعقد ہوئے۔پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن (پی اے ای سی)کی جانب سے بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان نے نیوکلیئر سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے اوربین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے)کے زیر انتظام منعقدہ آئی این ایس او ۔

2025 میں پاکستانی طلبہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ان مقابلوں میں 19 ممالک کی ٹیموں اور مبصرین نے شرکت کی جن میں چین، جاپان، سنگاپور، ملائیشیا، انڈونیشیا، ترکیہ، تھائی لینڈ، سری لنکا، سعودی عرب، قطر اور دیگر ممالک شامل تھے۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم کی تربیت اور رہنمائی پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پی آئی ای اے ایس)کے ممتاز اساتذہ نے کی اور طلبہ کے انتخاب اور تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ایونٹ میں بیکن ہائوس سکول ایبٹ آباد کے طالبعلم محمد طیب بخاری نے گولڈ میڈل،صدیق پبلک سکول اسلام آباد کے طالبعلم عمار اسد وڑائچ نے چاندی جبکہ صدیق پبلک سکول اسلام آباد سے رواح جاوید اور چناب کالج جھنگ کی طالبہ تطہیر آئمہ نقوی نے علیحدہ علیحدہ کانسی کے تمغے جیتے۔ان مقابلوں میں ٹیم کے ہمراہ ڈاکٹر سجاد طاہر (پی آئی ای اے ایس ) اور ڈاکٹر محمد مقصود (ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن نے بطور ٹیم شرکت کی۔

واضح رہے کہ پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن نیوکلیئر سائنس اور ٹیکنالوجی کو ملک میں زراعت، صنعت، طب اور تعلیم کے شعبوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوان اذہان کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کر رہا ہے جو پاکستان کے روشن مستقبل میں ایک امید افزا سرمایہ کاری ہے۔آئی این ایس او۔2025 میں یہ تاریخی کامیابی پی آئی ای اے ایس کے اعلیٰ تعلیمی معیار اور پی اے ای سی کی ادارہ جاتی معاونت کی مظہر ہے جو نئی نسل کے سائنسدانوں اور محققین کی تربیت اور رہنمائی کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔یہ کامیابی پاکستان کی سائنسی و تعلیمی صلاحیتوں اور عالمی منظرنامے پر اس کے بڑھتے ہوئے کردار کی روشن علامت ہے۔\932