پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم ، 100انڈیکس 144,000 پوائنٹس کی حد عبور کر گیا

بدھ 6 اگست 2025 16:17

پاکستان سٹاک مارکیٹ  میں  نئی تاریخ رقم ، 100انڈیکس 144,000 پوائنٹس کی حد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آئی، جب کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1,145 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 144,182 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔مارکیٹ کی اس شاندار کارکردگی کا بڑا سبب حکومت کی جانب سے جاری کردہ مالی سال 2024-25 کے مالیاتی اعداد و شمار رہے، جن کے مطابق مالی خسارہ 5.38 فیصد رہا — جو کہ گزشتہ 9 سال کی کم ترین سطح ہے۔

مالیاتی نظم و ضبط، محصولات میں 36 فیصد کا سالانہ اضافہ، اور اخراجات میں نسبتاً محدود 18 فیصد کا اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر بنے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹ کے مطابق بدھ کی صبح 10:49 تک 444 کمپنیوں کے شیئرز کا لین دین ہوا، جن میں سے:294 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ،130 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی جب کہ 20 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز (منگل) بھی مارکیٹ میں 1,189 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا تھا، جس سے انڈیکس 143,000 پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا تھا۔فوجی فرٹیلائزر، یونائیٹڈ بینک، ایم سی بی بینک، حب پاور اور اینگرو فرٹیلائزر جیسے نمایاں اداروں نے مجموعی طور پر انڈیکس میں 679 پوائنٹس کا اضافہ کیا۔ تاہم پاکستان پیٹرولیم، بینک الحبیب اور حبیب بینک کے شیئرز میں کمی سے 142 پوائنٹس کا منفی اثر بھی دیکھنے میں آیا۔

اس تیزی کی ایک اور اہم وجہ حکومت کی جانب سے مکمل فنڈڈ ریمیٹنس اسکیم کے لیے سبسڈی کی بحالی، اور بجلی کے شعبے میں گردشی قرضوں کے مسئلے کے ممکنہ حل کی خبریں بھی ہیں، جنہوں نے مارکیٹ میں اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔حکام نے کہا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو اگلے چند سیشنز میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع اور ملکی معیشت میں بہتری کے مزید آثار دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔\395