ایس ای سی پی کا میوچل فنڈز صنعت کے استحکام کے لیے اصلاحات کا اعلان

جمعرات 7 اگست 2025 22:27

ایس ای سی پی کا میوچل فنڈز صنعت کے استحکام کے لیے  اصلاحات کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے میوچل فنڈز کی صنعت کو تقویت دینے اور مالی شمولیت کے فروغ کے لیے متعدد ریگولیٹری اور ترقیاتی اقدامات متعارف کرائے ہیں۔ایس ای سی پی ہیڈکوارٹرز میں جمعرات کو منعقدہ پریس بریفنگ کے دوران کمشنر ایس ای سی پی ذیشان رحمن خٹک نے سرمایہ کاروں کے تحفظ، آپریشنل کارکردگی اور عالمی معیارات کے ساتھ ریگولیٹری ہم آہنگی کے لیے کمیشن کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مالیاتی شعبے میں جدت پیدا کرنے میں ڈیجیٹائزیشن کے کلیدی کردار پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے ڈیجیٹل اسیٹ مینجمنٹ کمپنیز (اے ایم سی) کے فریم ورک کا آغاز ایک اہم اقدام ہے جس میں کم از کم ایکوئٹی اور فنڈ کے سائز کی حد کو کم کرنا، مکمل طور پر ڈیجیٹل آن بورڈنگ اور آپریشنز کو آسان بنانا شامل ہے۔

(جاری ہے)

یہ اقدامات جدت اور رسائی کو فروغ دینے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک تاریخی اقدام کے طور پر ایس ای سی پی نے میوچل فنڈز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایم یو ایف اے پی) کو ایس ای سی پی ایکٹ 1997 کے تحت ایک سیلف ریگولیٹری آرگنائزیشن کے طور پر رجسٹر کیا ہے جو پاکستان کی مالیاتی خدمات کی صنعت میں پہلی ایسی نامزدگی ہے۔ اب ایم یو ایف اے پی ریگولیٹری ترقی، اراکین کی تعمیل، اور سرمایہ کاروں کی رسائی میں مدد کرے گا جس سے شعبے میں اعتماد اور شفافیت پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میوچل فنڈز کی صنعت کے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے ایس ای سی پی نے حال ہی میں صنعت کے اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ایک وائٹ پیپر تیار کیا ہے جو اہم اصلاحات کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ ان میں ڈیجیٹل تبدیلی کو آگے بڑھانا، ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز کی ترقی، ای ایس جی اور انفراسٹرکچر فنڈز کا تعارف اور مالی شمولیت کو بڑھانے کے لیے حکمت عملی وضع کرنا شامل ہے۔

وائٹ پیپر ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ای ٹی ایف مارکیٹ کی ترقی کو تیز کرنے اور سرمایہ کاروں کی شرکت کو بہتر بنانے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔یہ اصلاحات سرمایہ کاری مارکیٹس کو مضبوط بنانے اور پاکستان میں پائیدار، جامع مالی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ایس ای سی پی کے فعال نقطہ نظر کی عکاسی کرتی ہیں۔