ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کا زیر تعمیر مختلف پارکس کا دورہ، تعمیری کاموں کا جائزہ

بدھ 6 اگست 2025 17:33

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے سرگودھا چوہدری محمد ارشد نے سرگودھا شہر میں واقع مختلف زیر تعمیر پارکس کا دورہ کیا ۔ اس حوالے سے انہوں نے شہرکی معروف آبادی اقبال کالونی بلاک Y میں فیسکو آفس کے سامنے واقع گرائونڈ میں زیرِتعمیرفیملی پارک کا دورہ کیا۔ یہ منصوبہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی (پی ایچ اے) سرگودھا کی زیرِ نگرانی تیزی سے جاری ہے۔

اس موقع پرڈائریکٹر جنرل چوہدری محمد ارشد نے نوجوانوں کے ساتھ مل کر پودے لگائے اور مقامی آبادی کو ان پارکس کی دیکھ بھال اور شجرکاری مہم کا حصہ بننے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے محمد ارشد نے بتایا کہ اس پارک کی تکمیل کے بعد 31 بلاک اوردیگرعلاقوں میں بھی نئے پارکس تعمیر کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو صحت مند تفریحی سہولیات میسر آ سکیں۔

(جاری ہے)

اسی سلسلے میں علی پارک کوٹ فرید کی بحالی کا منصوبہ بھی اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے محمد ارشد نے متعلقہ افسران کے ہمراہ دیگر پارکس کا بھی دورہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ علی پارک کی بحالی سے اہلِ علاقہ، خصوصاً خواتین اور بچوں کو صحت مند اور خوشگوار ماحول میسر آئے گا۔ ڈی جی نے کہا سرگودہا کوسرسبز و شاداب بنانا سب کی مشترکہ ذُمہ داری ہے اورعوام کو اس مشن کا حصہ بننا چاہئے تاکہ آنے والی نسلوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔