کوہاٹ ،نصف شب خون کی ہولی کھیلی گئی

نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے سات نوجوان جاں بحق ،دوبال بال بچ گئے

اتوار 17 اگست 2025 19:15

کوہاٹ ،نصف شب خون کی ہولی کھیلی گئی
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)کوہاٹ شہرسے ملحقہ علاقہ ریگی شینوخیل میں نصف شب خون کی ہولی کھیل کر نامعلوم مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے سات(7) نوجوان موقع پر جاں بحق اورایک شدید زخمی جبکہ دونوجوان خوش قسمتی سے بال بال بچ گئے۔جاں بحق و زخمی کی عمریں 31سال سے 14سال کے درمیان تھیں جنہیں تاندہ ڈیم سے واپسی پررات گئے گولیوں کا نشانہ بنایاگیا۔

ترجمان ریسکیو 1122 کوہاٹ جواد آفریدی کے مطابق انہیں رات تقریباً ڈیڑھ بجے کوہاٹ کے نواحی علاقہ ریگی شینو خیل میں فائرنگ کی اطلاع ملی جس پر ریسکیو 1122 کی ٹیم اور پولیس نے چار ایمبولینس گاڑیاں موقع پر پہنچادیں جہاں دلخراش مناظر دیکھنے کو ملے۔پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا جہاں نامعلوم افراد نے مبینہ طورپر رات کی تاریکی میں گولیوں کی بوچھاڑ کرکے آٹھ افراد کو گولیوں سے چھلنی کر دیا تھا تاہم فائرنگ کی زد میں آکر چھ افراد موقع پر جاں بحق جبکہ دو زخمی تھے جن میں ایک زخمی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔

(جاری ہے)

ریسکیو ٹیم اور پولیس نے مشترکہ ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے مقتولین کی لاشیں اور زخمی ڈویژنل ہیڈکوارٹرٹیچنگ ہسپتال کے ڈی اے پہنچادیا جہاں ان کی پوسٹ مارٹم کی گئی جبکہ 18سالہ عبدالرزاق ولد نورالرحمن کو شدید زخمی حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کردیا گیا۔ دو نوجوان محمدعارف اور عیسیٰ بال بال بچ گئے۔ریسکیوآپریشن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) حامد اقبال‘ سینئر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کوہاٹ ًمحمد عارف خٹک‘ ایس پی سٹی کمال شاہ ڈی ایس پی سٹی حفیظ الرحمن ‘ایس ایچ او سٹی فیاض خان اور ایمرجنسی آفیسر آپریشن حضرت نواب خان سمیت پولیس اور ریسکیوٹیم کے اہلکارشامل تھے۔

پولیس سٹیشن سٹی میں درج ایف آئی آر کے مطابق جاں بحق افراد میں31 سالہ عبدالصمد ولد نورالرحمن ‘ 25 سالہ ساجد اور15 سالہ حمزہ پسران ناصر ‘ 18سالہ یوسف اور 15 سالہ مصطفی پسران محمد عالم ‘18 سالہ اشفاق ولد سید عالم اور14 سالہ یاسر ولد صلاح الدین ساکنان ضلع کرم حال خڑہ گڑھی محمد زئی شامل ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق یہ نوجوان تاندہ ڈیم میں سیر و تفریح کے بعد رات گئے گھرپیدل واپس آرہے تھے کہ تقریباً پونے ایک بجے شب نامعلوم افراد کی گولیوں کا نشانہ بنے۔ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ اس دالخراش واقعہ کے نتیجے میں کوہاٹ شہر اور ملحقہ علاقوں میں شدید خوف و ہراس پھیل کر فضا انتہائی سوگوار ہوگئی ہے۔