متحدہ عرب امارات کی مسجد اقصی پر اسرائیلی دھاوے کی مذمت

مسجد اقصی کی تاریخی اور قانونی حیثیت کا مکمل احترام کیا جائے، بیان

بدھ 6 اگست 2025 17:45

ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)متحدہ عرب امارات نے مسجد اقصی پر اسرائیلی وزیر، ارکا ن پارلیمنٹ اور سرکاری حکام کے دھاوے کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی اتمار بن گویر کی جانب سے قابض پولیس کی نگرانی میں یہودی آبادکاروں کے ہمراہ مسجد اقصی کے صحن پر دھاوے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک اشتعال انگیز اقدام اور ناقابل قبول انتہا پسندی قرار دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے اس بات پر زور دیا کہ مسجد اقصی کی تاریخی اور قانونی حیثیت کا مکمل احترام کیا جائے، اور تمام مقدس مقامات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ، اردن کی ہاشمی حکومت کے اس کلیدی کردار کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا گیا، جو کہ مسجد اقصی کے اوقاف کی نگرانی اور انتظامی امور سنبھالنے کی قانونی و مذہبی ذمہ داری ادا کر رہی ہے۔