ٹرمپ کی وائٹ ہائوس کی چھت پر چہل قدمی، صحافیوں کے سوالات پر دلچسپ جوابات

بدھ 6 اگست 2025 18:11

ٹرمپ کی وائٹ ہائوس کی چھت پر چہل قدمی، صحافیوں کے سوالات پر دلچسپ جوابات
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاس کی چھت سے صحافیوں سے گفتگو کی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر خوب دھوم مچا دی۔ ٹرمپ کو وائٹ ہائوس کی چھت پر دیکھا گیا، جہاں وہ صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے نظر آئے۔جب ایک صحافی نے ان سے وہاں موجود ہونے کی وجہ پوچھی تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا: بس ایک نظر ڈالنے آیا ہوں۔

ٹرمپ نے بلند آواز میں بول کر صحافیوں کو اپنی بات سنائی اور کہاکہ میں صرف ایک چھوٹی سی سیر پر نکلا ہوں، یہ آپ کی صحت کے لیے بھی اچھی ہے۔ جب ایک صحافی نے پوچھا کہ وہ کیا بنانے جا رہے ہیں، تو انہوں نے قہقہہ لگاتے ہوئے جواب دیا: ایٹمی میزائل۔انہوں نے مزید کہاکہ بس ذرا سا چکر لگا رہا ہوں۔ صحافیوں نے جب دوبارہ سوالات کیے تو انہوں نے مسکرا کر کہاکہیہ سب کچھ خوبصورت ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران وہ اپنی مشہور رقص کی حرکتیں بھی کرتے رہے۔ٹرمپ نے کہاکہ یہ میرے پیسے خرچ کرنے کے مختلف طریقے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جو کچھ بھی کر رہا ہوں، وہ میری جیب سے ادا ہو رہا ہے۔ ان کا اشارہ وائٹ ہاس میں ممکنہ تعمیراتی تبدیلیوں کی جانب تھا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ وائٹ ہاس میں کوئی اضافی منزل یا دوسرا فلور بنانے کا سوچ رہے ہیں تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

ٹرمپ کے ہمراہ ایک چھوٹا سا وفد بھی موجود تھا، جس میں ان کے کچھ معاونین اور خفیہ سکیورٹی ادارے کے اہلکار شامل تھے۔ ان میں ماہرِ تعمیرات جِم میکری بھی تھے، جنہیں وائٹ ہاس میں ٹرمپ ڈانس ہال بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ٹرمپ اور میکری کے درمیان سیر کے دوران ایک پرجوش بحث بھی دیکھنے میں آئی، جس کے دوران دونوں کئی بار پرجوش انداز میں اشارے کرتے رہے۔اس کے بعد کچھ دیر کے لیے ٹرمپ کیمروں سے اوجھل ہو گئے۔ اندازہ ہے کہ وہ وائٹ ہاس کے جنوبی لان کی جانب دیکھ رہے تھے۔