معروف ماہر قانون ڈاکٹر امبر ڈار کی کمپٹیشن کمیشن سینٹر آف ایکسیلنس میں بطور ایکسٹرنل ایکسپرٹ تقرری

بدھ 6 اگست 2025 18:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی)نے معروف ماہر قانون و محقق ڈاکٹر امبر ڈار کو حال ہی میں قائم کیے گئے سینٹر آف ایکسیلنس میں بطور ایکسٹرنل ایکسپرٹ تعینات کیا ہے۔ ڈاکٹر امبر ڈار یونیورسٹی آف مانچسٹر، یونیورسٹی کالج لندن، لنکنز ان اور برائن ماور کالج سمیت معروف عالمی اداروں میں تدریسی و تحقیق سے منسلک ہیں۔

ای ای پی اے بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر امبر ڈار کی بین القوامی کمپٹیشن قوانین اور پالیسی سازی میں مہارت اور تجربے سے کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کو ملک میں منصفانہ کاروباری مقابلے کے فروغ اور غیرمسابقتی سرگرمیوں کے خلاف اقدامات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔واضح رہے کہ کمپٹیشن کمیشن میں سینٹر آف ایکسیلنس قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد مارکیٹوں اور صنعتی شعبوں پر تحقیق کرنا، شواہد پر مبنی نتائج فراہم کرنا اور حکومت، کاروباری اداروں اور ریگولیٹرز کو بہتری کے لیے سفارشات فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

یہ سینٹر آف ایکسیلنس مارکیٹ میں مقابلے سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ایک تحقیقی مرکز کے طور پر کام کرتے ہوئے بہتر پالیسی سازی میں سہولت فراہم کرے گا۔چئیرمین کمپٹیشن کمیشن ڈاکٹر کبیر سدھو نے ڈاکٹر امبر ڈار کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شمولیت سے کمیشن کے ریسرچ اور تحقیق کا شعبہ کو مزید فروغ حاصل ہو گا اور پاکستان کے مسابقتی فریم ورک کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے میں مدد ملے گی۔ڈاکٹر امبر ڈار کی تقرری کمپٹیشن کمیشن کے اس اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے جس کا مقصد ریگولیشن کو مضبوط کرنا اور مارکیٹ میں مسابقت کو فروغ دیکر صارفین کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔