چنیوٹ،شہری حدود سے بھینسوں ومویشی کے انخلاء کے لئے مویشی مالکان کو 15 یوم کا الٹی میٹم

بدھ 6 اگست 2025 19:42

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) میونسپل کمیٹی چنیوٹ نے صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے لئے شہری حدود سے بھینسوں ومویشی کے انخلاء کے لئے مویشی مالکان کو 15 یوم کا الٹی میٹم دے دیا۔اس ضمن میں شہری علاقوں میں گائے،بھینس رکھنے والے مالکان کو نوٹسز بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔15روزکی مہلت ختم ہونے کے بعد لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت شہری حدود میں نظر آنے والے مویشی پکڑ کر پونڈنگ پوائنٹس منتقل اور قانون کے تحت مویشی مالکان کو یومیہ جرمانہ بھی ہوگا۔

ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی واثق عباس ہرل نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت میونسپل حدود میں گائے،بھینس ومویشی رکھنا ممنوع قرار دیا گیا ہے اور 15 دن کی مہلت کے بعد مالکان سے بڑا جانور3 ہزار روپے یومیہ،چھوٹا جانور ایک ہزار روپے فی یوم،بڑے جانور کی خوراک 500 روپے،چھوٹے جانور کی خوراک 200 روپے یومیہ وصول کرنے کے ساتھ ساتھ بڑے جانور کا ٹرانسپورٹ کرایہ ایک ہزار جبکہ چھوٹے جانور کا کرایہ 500 روپے بھی وصول کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے گائے/ بھینسوں ومویشیوں کا انخلاء ناگزیر ہے اورمہم پوری قانونی قوت سے شروع ہوگی جس میں کسی قسم کی رعایت کی کوئی گنجائش نہیں لہٰذا مالکان ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور دیئے گئے وقت کے اندر اپنے جانور ازخود شہری حدود سے باہر منتقل کرلیں تاکہ جانور ضبط اور روزانہ جرمانوں سے بچا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :