دفتر محتسب پنجاب کے زیر اہتمام ویمن چیمبر آف کامرس لاہور میں آگاہی سیمینار کا انعقاد

بدھ 6 اگست 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء) دفتر محتسب پنجاب کے زیر اہتمام ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور میں سنوائی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد خواتین کاروباری طبقے کو ادارے کے دائرہ اختیار، شکایات درج کرانے کے طریقہ کار اور دستیاب سہولیات سے آگاہ کرنا تھا۔سیمینار کے مہمانِ خصوصی ایڈوائزر محتسب پنجاب عارف انور بلوچ تھے، جنہوں نے ادارے کے نظام، قانونی اختیارات اور مفت شکایات ازالہ کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ شہری اپنی شکایات درج کرانے کے لیے ہیلپ لائن 1050، موبائل ایپ (OPMIS)، ویب سائٹ یا قریبی ریجنل دفتر سے رجوع کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شکایت درج کرانے کا عمل صرف 10منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں موصول ہونے والی 98فیصد شکایات کا کامیابی سے ازالہ کیا جا چکا ہے، جن میں متعدد زمین کے تنازعات بھی شامل ہیں۔

مزید برآں، انہوں نے جلد ایک موبائل آٹ ریچ وین مہم کے آغاز کا اعلان بھی کیا، جس کا مقصد دور دراز علاقوں میں عوامی رسائی اور شعور کو فروغ دینا ہے۔سیمینار میں ویمن چیمبر کی قائم مقام صدر محترمہ فائزہ نبیل، بانی صدر ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم، نائب صدر ڈاکٹر راحیلہ اختر سمیت ممتاز کاروباری خواتین نے شرکت کی۔شرکا نے دفتر محتسب پنجاب کی عوامی خدمات اور انصاف کی فوری فراہمی کی کوششوں کو سراہا۔