آبادی میں بے تحاشا اضافہ ملکی ترقی کیلئے بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے ،شاہد علی خان

ہمیں نہ صرف جدید حکومتی پالیسیوں کی حمایت کرنی ،معاشرتی سطح پر بھی شعور و آگہی کو فروغ دینا ہوگا،میئر سوات سٹی

بدھ 6 اگست 2025 21:59

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)سوات سٹی میئر شاہد علی خان نے محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے آبادی میں اضافے کے حوالے سے ایک روزہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبادی میں بے تحاشا اضافہ ملکی ترقی کے لیے ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے ہمیں نہ صرف جدید حکومتی پالیسیوں کی حمایت کرنی ہے بلکہ معاشرتی سطح پر بھی شعور و آگہی کو فروغ دینا ہوگا،انہوں نے مزید کہا کہ علمائے کرام کا کردار اس ضمن میں انتہائی اہم ہے کیونکہ وہ عوام کے دلوں تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

'اگر مذہبی رہنما اس پیغام کو اپنے خطبات اور اجتماعات میں شامل کریں تو آبادی کے مسئلے پر مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں سیمینار میں ضلع بھر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز علمائے کرام، مقامی انتظامیہ کے نمائندگان، سماجی کارکنان اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

،سیمینار میں شریک علمائے کرام نے بھی اس نازک مسئلے پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام میں منصوبہ بندی، فلاحِ عامہ اور ذمہ داری کے اصول موجود ہیں جن کی روشنی میں اس مسئلے کا حل ممکن ہے۔ علمائے کرام نے حکومت کو تجویز دی کہ مقامی سطح پر تربیتی پروگرام، معلوماتی مہمات اور تعلیمی اداروں میں آگہی سیمینارز کا اہتمام کیا جائے۔سیمینار کے اختتام پر ایک مشترکہ قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں تمام شرکا نے اس مسئلے کو سنجیدہ لینے اور عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے مستقل جدوجہد کا عزم ظاہرکیا۔