ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا پی پی کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی نمبر 1 برائے قواعدِ کار و طریقہ کار، استحقاقات اور حکومتی یقین دہانیوں پر عملدرآمد کا اجلاس

بدھ 6 اگست 2025 22:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا پی پی کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی نمبر 1 برائے قواعدِ کار و طریقہ کار، استحقاقات اور حکومتی یقین دہانیوں پر عملدرآمد کا اجلاس کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ بدھ کو منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی کے علاوہ کمیٹی کے اراکینِ صوبائی اسمبلی تاج ترند، افتخار علی مشوانی، عبدالسلام آفریدی، انور خان، شیر علی آفریدی، میاں شرافت علی اور مشتاق احمد غنی نے شرکت کی۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے قائم مقام سیکرٹری اسمبلی سید محمد ماہر، سینیر ایڈیشنل سیکرٹری انعام اللہ خان، ایڈیشنل سیکرٹری نعیم درانی، سابقہ سپیشل سیکرٹری امجد علی خان، محکمہ قانون و اٹارنی جنرل آفس کے متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کا مقصد خیبر پختونخوا اسمبلی کے قواعد و ضوابط کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ان میں ضروری ترامیم کو حتمی شکل دینا تھا۔

اس حوالے سے قواعد کو ڈیجیٹل اسکرین پر پیش کیا گیا اور ہر شق پر اجلاس کے دوران ہی اراکین کی آراء اور تجاویز لی گئیں۔ مشاورت کے بعد متعدد اہم نکات پر اتفاق رائے سے ترامیم کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں اہم نکات جیسے حلف برداری، ممبران کی نشست، قائمہ کمیٹیوں و پبلک اکاونٹس کمیٹیوں کے انتخاب و کمپوزیشن، پبلک اکاونٹس کمیٹی کے اختیارات، جوڈیشل، ہاوس اینڈ لائبریری و لاء ریفارمز کمیٹیوں کے طریقہ کار، قائمہ کمیٹیوں کے چیرپرسنز کے کونسل کے قیام، سپیکر و ڈپٹی سپیکر کونسل کے قیام کے حوالے سے تجاویز و ترامیم پیش کی گئیں۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی ثریا بی بی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کے قواعد و ضوابط میں بہتری نہ صرف قانون سازی کے عمل کو بہتر بناتی ہے بلکہ جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے، کمیٹی کی سنجیدہ مشاورت قابل تحسین ہے۔ بعد ازاں اجلاس پیر 11 اگست ساڑھے گیارہ بجے تک موخر کردیا گیا۔